اٹلی میں تارکین کے سینٹر پر نقاب پوش آگئے، مار دھاڑ کی کوشش پر پولیس کی انٹری
روم: اٹلی میں تارکین کے ایک کیمپ پر کچھ نقاب پوش پہنچ گئے، دوسری طرف کیمپ میں موجود تارکین نے بھی ان نقاب پوشوں کے مقابلے کی ٹھان لی، تاہم معاملہ زیادہ بڑھنے سے قبل ہی اطلاع ملنے پر پولیس وہاں پہنچ گئی، جس نے اپنی کارروائی شروع کردی۔
دوسری طرف نقاب پوش آنے کی بھی دلچسپ کہانی سامنے آئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اٹلی کے علاقے جنیوا (Genoa) میں پہاڑی پر واقع ایک پرانے ہوسٹل کو حکام 18 برس سے کم عمر تارکین وطن کی رہائش کے لئے استعمال کررہے ہیں، اور یہاں دو درجن کے قریب تارکین مقیم ہیں، تاہم پیر اور منگل کی شب ایک درجن کے قریب نقاب پوش نوجوان ڈنڈے اور راڈ اٹھائے ہوئے سینٹر کے باہر پہنچ گئے، اور وہاں سےا نہوں نے نہ صرف مخالفانہ نعرے لگائے ، بلکہ سینٹر پر پتھراو بھی شروع کردیا، جس سے ریسیپشن سینٹر کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے ، اور پتھر اندر گرنے سے آوازیں آنے لگیں، اس موقع پر سینٹر کے اندر موجود تارکین بھی جاگ گئے۔
یہ بھی پڑھیں: اٹلی میں تارکین وطن کا کیمپ میں ہنگامہ، متعدد فرار ہوگئے
انہوں نے بھی جوابی طور پر وہاں موجود فرنیچر کو توڑ کر ان سے ڈنڈے بنانے کی کوشش کی ، اور نقاب پوش نوجوانوں سے مقابلہ کیلئے سینٹر سے باہر نکل آئے، لیکن اس سے پہلے تارکین کے سینٹر پر تعینات عملے نے پولیس کو اطلاع کردی، جس پر پولیس کی گاڑیاں بھی وہاں پہنچ گئیں، تاہم اس دوران سینٹر پر پتھراو کرنے والے نقاب پوش نوجوان وہاں سے غائب ہوچکے تھے۔
پولیس نے قریبی علاقے میں انہیں تلاش کرنے کی کوشش کی، جو ناکام رہی۔ بعد ازاں وہاں ساری رات ایک پولیس گاڑی سیکورٹی کے لئے تعینات کردی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: یورپی ملک کے کیمپ میں تارکین کے 2 گروپوں میں خوفناک لڑائی
نقاب پوش کون تھے؟
اطالوی خبر ایجنسی ’’انسا‘‘ نے مقامی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ تارکین کے سینٹر پر پتھراو کرنے والے مقامی اطالوی نوجوان ہوسکتے ہیں، جو سینٹر میں مقیم تارکین کے مقامی آبادی کے روئیے بالخصوص لڑکیوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے واقعات پر مشتعل تھے، مقامی لوگوں نے تفتیش کاروں کو بتایا ہے کہ سینٹر میں رہنے والے بعض تارکین کے خلاف چھریاں لے کر بھی لوگوں کو خوفزدہ کرنے کی شکایات ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کیمپ جلانے کے الزام میں یونان نے 4 تارکین کو لمبی سزا سنادی
خیال رہے کہ ایک ماہ قبل بھی اٹلی میں تارکین وطن کے کیمپ میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا تھا، جس میں ایک تارک وطن شدید زخمی ہوگیا تھا۔