روم: اٹلی میں یونینوں نے تنخواہوں میں بڑے اضافے کے لئے چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کردیا، تنخواہوں میں اگلے تین سال کے دوران اضافے کیلئے مطالبات رکھے گئے ہیں، یونینوں کی جانب سے مہنگائی میں اضافے کے بعد یہ مطالبات سامنے آئے ہیں، اس اضافے کے ذریعہ ورکرز مہنگائی کا مقابلہ کرنے کے قابل ہوسکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق اٹلی ایک صنعتی ملک ہے اور اس میں بڑے بڑے صنعتی ادارے کام کررہے ہیں، جن کی تیار مصنوعات پوری دنیا میں برآمد کی جاتی ہیں، اٹلی کے صنعتی اداروں میں مضبوط مزدور یونین بھی موجود ہیں، جو اپنی کمپنیوں کی انتظامیہ کے سامنے تنخواہوں میں اضافے سمیت مختلف مراعات کے مطالبات رکھتی ہیں، اور یونہی اپنے ارکان کا تحفظ کرتی ہیں۔ اٹلی کی بڑی کمپنیوں فراری گروپ، CNHI, IVECO اور Stellantis گروپ میں کام کرنے والے ملازمین کی یونینوں نے اب مہنگائی کی صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے اگلے تین برسوں کے لئے تنخواہوں میں اضافے کیلئے چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کردیا ہے۔
اطالوی خبر ایجنسی ’’انسا‘‘ کے مطابق یہ مطالبات 2023 سے 2026 کے عرصے کے لئے رکھے گئے ہیں، ان پر جن یونینوں کے رہنماؤں نے دستخط کئے ہیں، ان میں FIM, UILM, Fismic, UGLM اور AQCFR شامل ہیں، ان یونینوں نے اگلے سال یعنی 2023 میں تنخواہ میں 8.4 فیصد اضافے کا مطالبہ کیا ہے، جو اوسطاً 153 یورو ماہانہ بنتا ہے، یونینوں کا کہنا ہے کہ اس اضافے کے ذریعہ ورکرز مہنگائی کا مقابلہ کرنے کے قابل ہوسکیں گے۔ یونینوں کی جانب سے 2024 میں تنخواہ میں مزید ساڑھے 4 فیصد، جبکہ 2025 میں ڈھائی فیصد اضافے کا مطالبہ رکھا گیا ہے، ان اداروں کے ساتھ 68 ہزار سے زائد ورکرز وابستہ ہیں اور مطالبات منظور ہونے پر ان کی تنخواہوں میں مناسب اضافہ ہوجائے گا۔