یورپ جانے کے خواہش مند تارکین وطن غلطی سے کہاں پہنچ گئے

0

برسلز: یورپ جانے کے خواہش مند تارکین وطن غلطی سے ایسی جگہ پہنچ گئے، کہ جہاں نہ بندہ تھا اور نہ بندے کی ذات ، وہاں پہنچ کر انہیں پریشانی نے گھیر لیا، لیکن بھلا ہو تارکین کی بھلائی کے لئے کام کرنے والی تنظیم کا ، جس نے ان کی مدد کا بیڑا اٹھالیا۔

تفصیلات کے مطابق یورپ جانے کے خواہشمند تارکین غلطی سے ایسی جگہ پہنچ گئے، کہ ان میں پنجابی بولنے والے تارکین کو تو بلیک وائٹ دور کی پنجابی فلم ’’دنیا پیسے دی‘‘ کا وہ گانا یاد آگیا ہوگا، جس کے بول کچھ یوں تھے’’ چل چلیے دنیا دی اس نکرے‘‘، ’’ جتھے بندہ نہ بندے دی ذات ہووے‘‘۔ جی ہاں یورپ جانے کے خواہشمند تارکین ایک کشتی میں سوار ہو کر ترکی سے روانہ ہوئے اور وہ ایک یونانی جزیرہ کو دیکھ کر وہاں پہنچ گئے، یہ یونانی جزیرہ Barbalias یونان کے معروف جزیرہ لیس بوس کے شمال مشرق میں ہے، تاہم یہ ایک چھوٹا اور ویران جزیرہ ہے، اور یہاں کوئی انسان نہیں بستا، جب خواتین سمیت یہ 29 تارکین وہاں کشتی سے اتر کر آگے گئے، تو انہیں پتہ چلا کہ وہ کسی غلط مقام پر اتر گئے ہیں۔

اس ویران جزیرہ پر نہ تو کوئی بندہ تھا، اور نہ ہی بند ہ کی ذات ۔ لیکن اس وقت تیر کمان سے نکل چکا تھا، اوروہ کشتی سے بھی ہاتھ دھو چکے تھے، اس دوران ایک تارک وطن خاتون کی طبعیت بھی خراب ہوگئی، اور اس کے ہاں بچے کی پیدائش ہوئی ہے، الارم فون نامی تنظیم کو تارکین کے اس گروپ کے بارے میں علم ہوا، تو اس نے یونانی حکام سے رابطہ کیا، اور ان تارکین کو ریسکیو کرنے کی درخواست کی، بعدازاں یونانی حکام نے اس ویران جزیرہ پر پہنچ کر ان لوگوں کو وہاں سے نکال لیا، تارکین کو پہلے مرحلے میں قریبی لیس بوس جزیرہ منتقل کیا گیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.