جرمنی میں کتنے لاکھ لوگوں کو لاک ڈاؤن سے نرمی ملنے والی ہے؟

0

برلن: جرمنی میں ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانے والے لاکھوں افراد اور ایسے لوگ جو کرونا وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں، ان کے لئے پابندیاں نرم کرنے کی تیاری کی جارہی ہے، چانسلر انجیلا مرکل نے اس حوالے سے اہم بیان دیا ہے، جرمنی میں اب تک 60 لاکھ افراد کو ویکسین کی دونوں خوراکیں لگائی جاچکی ہیں،

جرمن ریاستوں کے سربراہان کے ساتھ آن لائن اجلاس کے بعد چانسلر کا کہنا تھا کہ وہ جانتی ہیں کہ لوگ لاک ڈؤن سے آزادی چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ایسے افراد جو اس وبا کا شکار ہوچکے ہیں، یا انہوں نے ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوالی ہیں، ان کے لئے لاک ڈاؤن نرم کیا جائے گا، ان میں انہیں ہئیر ڈریسر کے پاس جانے کی اجازت دینا، اور بغیر کرونا ٹیسٹ رپورٹ شاپنگ کی اجازت شامل ہے، اسی طرح ایسے افراد کو کرونا کے کسی مریض سے رابطے کے باوجود قرنطینہ کی شرط سے چھوٹ دی جاسکتی ہے، انہوں نے بتایا کہ جو افراد کرونا سے متاثر ہوچکے ہیں، ان کے لئے یہ نرمی حاصل کرنے کیلئے وبا سے متاثر ہونے کی رپورٹ ضروری ہوگی، تاہم انہوں نے اس نرمی کے لئے فوری طور پر کوئی تاریخ دینے سے گریز کیا، جرمن وزارت صحت کے مطابق اب تک 60 لاکھ جرمن باشندوں کو ویکسین کی دونوں خوراکیں لگائی جاچکی ہیں، جبکہ ایک خوراک لینے والوں کی تعداد دو کروڑ کے قریب ہے، اسی طرح 29 لاکھ افراد کرونا میں مبتلا ہونے کے بعد صحت مند ہوچکے ہیں۔

چانسلر میرکل کا کہنا تھا کہ ویکسین کی مہم تیز کی جارہی ہے، اور جون تک تمام بالغ افراد کی رجسٹریشن شروع کردی جائےگی، تاہم انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن کے بعد ویکسین لگانے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے، لیکن رجسٹریشن کرانے والوں کو اپوائنٹمنٹ سے آگاہ کیا جاتا رہےگا، واضح رہے کہ اس وقت جرمنی میں بوڑھوں کو ویکسین لگائی جارہی ہے، دوسری طرف جرمنی میں پیر کو 12 ہزار سے زائد نئے کرونا کیس سامنے آئے تھے، جبکہ فی لاکھ افراد میں انفیکشن کی شرح 175 سے زائد ہے، جو جرمن حکومت کیلئے پریشانی کا باعث ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.