عرب امارات میں پاکستانیوں کیلئے پاسپورٹ فیس کیا ہوگی، تفصیلات جاری

0

دبئی: متحدہ عرب امارات میں سمیت خلیجی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کیلئے خوشخبری، حکومت نے نیا پاسپورٹ بنوانے کی فیس 50 فیصد کم کرنے کے فیصلے پر عمل شروع کردیا ہے، واضح ر ہے کہ یورپی ممالک سمیت دنیا بھر میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں کے لئے پاسپورٹ فیس میں کمی کی گئی ہے، جس سے انہیں بڑی بچت ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں مقیم لاکھوں پاکستانی کارکنوں کو اب پرانا پاسپورٹ ختم ہونے پر نیا بنوانے کے لئے مہنگی فیس نہیں دینی پڑے گی، پاکستانی حکومت نے پاسپورٹ فیس 50 فیصد تک کم کردی ہے، دبئی میں پاکستانی قونصلیٹ کے افسر نے خلیجی اخبار ’’گلف نیوز‘‘ سے گفتگو میں بتایا ہے کہ یو اے ای میں اب جو پاسپورٹ جاری کئے جائیں گے، ان پر نئی اور کم فیس وصول کی جائے گی، انہوں نے بتایا کہ یواے ای میں 16 لاکھ سے زائد پاکستانی مقیم ہیں، اور یہاں پاکستانی مشنز میں روزانہ 800 پاکستانی اپنا پاسپورٹ بنوانے کے لئے رجوع کرتے ہیں، انہوں نے پاکستانیوں کو مشورہ دیا کہ اپنے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کی تجدید کے لئے آن لائن پورٹل کا استعمال کریں، جس سے سفارتی مشنز پر رش کم کرنے میں مدد ملے گی ، اور انہیں بھی گھر بیٹھے سہولت مل جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: دبئی ائرپورٹ پر 304 پاکستانی پھنس گئے، متعدد کو واپس بھیج دیا

نئی پاسپورٹ فیس

یو اے ای میں 36 صفحات والے 5 سال کے پاسپورٹ کی فیس 150 یو اے ای درہم سے کم کرکے 85 درہم کردی گئی ہے، جبکہ ارجنٹ پاسپورٹ کی فیس 250 درہم سے گھٹا کر 140 درہم مقرر کی گئی ہے۔

اسی طرح سو صفحات والے پاسپورٹ کی فیس 300 درہم سے کم کرکے 170 درہم اور ارجنٹ کی فیس 600 درہم سے کم کرکے 335 درہم کردی گئی ہے، 72 صفحات والے پاسپورٹ کی نارمل فیس 280 کے بجائے 155 درہم اور ارجنٹ کی صورت میں 450 کے بجائے 250 درہم لی جائے گی۔

دس سال والے پاسپورٹ کی فیس

دس سال کے لئے پاسپورٹ بنوانے کی صورت میں یواے ای میں مقیم پاکستانیوں کو 36 صفحات والے پاسپورٹ کی فیس اب 270 درہم کے بجائے صرف 125 درہم اد ا کرنی ہوگی، ارجنٹ کی صورت میں یہ فیس 450 درہم سے کم کرکے 210 درہم کردی گئی ہے، دس برس والے 72 صفحات کے پاسپورٹ کی نارمل فیس 500 کے بجائے 230 درہم ، جبکہ ارجنٹ کی فیس 810 کے بجائے 375 درہم لی جائے گی، دس برس والے سو صفحات کے پاسپورٹ کی فیس میں بھی بڑی کمی کی گئی ہے، نارمل فیس 540 سے گھٹا کر 250 درہم اور ارجنٹ کی فیس 1080 سے کم کرکے 500 درہم کردی گئی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.