جرمن چانسلر نے لاک ڈاؤن اختیار اپنے ہاتھ لے لیا، سخت پابندیاں تیار

0

برلن: جرمنی میں کرونا کے بڑھتے پھیلاؤ سے پریشان مرکزی حکومت نے ریاستوں کے عدم تعاون کے باعث وبا سے متعلق تمام اختیارات اپنے ہاتھوں میں لینے کا فیصلہ کرلیا ہے، اور ملک میں لاک ڈاؤن سخت کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، جرمن کابینہ نے نئے رولز کی منظوری دے دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق جرمن چانسلر انجیلا میرکل نے کرونا سے نمٹنے کے لئے سخت پابندیوں کے معاملے پر ریاستوں کے عدم تعاون سے تنگ آکر اختیارات مرکزی حکومت کے ہاتھوں میں لینے کا فیصلہ کیا ہے، اور جرمن کابینہ نے نئے رولز کی منظوری دے دی ہے، ان رولز کے تحت  ہر ایسی ریاست میں جہاں مسلسل 7 روز تک ایک لاکھ آبادی میں 100 یا اس سے زیادہ افراد وبا سے متاثر  ہوں گے، وہاں خود کار نظام کے تحت سخت پابندیاں نافذ ہوتی جائیں گی، اس فارمولے میں جرمنی کی 16 میں سے 15 ریاستوں میں لاک ڈاؤن سخت کرنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے، مرکزی حکومت جو نئی پابندیاں لگانے جارہی ہے، ان کے تحت ایسی تمام ریاستوں میں رات 9 سے صبح 5 بجے تک کرفیو نافذ کردیا جائے گا، زیادہ انفیکشن والے علاقوں میں کاروبار اور اسکول بند کردئیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: جرمنی میں معیشت اور صحت کے حوالے سے خطرے کی گھنٹی

نجی محفلوں پر پابندی لگادی جائے گی، کسی بھی ایک فیملی کے ساتھ باہر کا صرف ایک فرد اکٹھا ہوسکے گا، تمام تفریحی و ثقافتی سرگرمیاں بند کردی جائیں گی جبکہ ریستوران کو صرف ڈلیوری کی اجازت دی جائے گی، البتہ کھانے پینے اور ادویات کی دکانیں اور پیٹرول پمپ کھولنے کی اجازت ہوگی۔

اسکولوں میں صرف ان طلبا کو آنے کی اجازت ہوگی، جو ہر ہفتے دو بار کرونا کی منفی رپورٹ فراہم کریں گے، تاہم اگر کسی علاقے میں انفیکشن کی شرح فی ایک لاکھ آبادی میں 200 سے بڑھ گئی، تووہاں اسکول بند کردئیے جائیں گے، اسی طرح جن ملازمین کو کام پر بلایا جارہا ہے، کمپنی کے لئے ان کا ہر ہفتہ ایک ٹیسٹ کرانا لازمی  ہوگا، نئے قانون کے تحت مرکزی حکومت ملک بھر میں ایمرجنسی بریک لگانے کی مجاز ہو گی۔ کئی جرمن ریاستوں اور مقامی حکومتوں کی ایسوسی ایشن نے نئے رولز پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

تاہم جرمن حکومت کے ترجمان سٹیفن سیبرٹ اور پارٹی کے ایک رہنما رالف برکن کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات ضروری ہوگئے ہیں، جرمن کابینہ سے منظوری کے بعد قوانین میں تبدیلی کا حتمی فیصلہ پارلیمان کرے گی، جہاں انجیلا میرکل کو اکثریت حاصل ہے۔ خیال رہے کہ جرمنی میں یومیہ کرونا کیسز کی تعداد 30 ہزار تک پہنچ گئی ہے، جبکہ اموات کی تعداد 300 سے زائد ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.