اوورسیز پاکستانیوں کیلئے بڑی سہولت کا اعلان

0

اسلام آباد: حکومت نے روشن ڈیجیٹل اکاوئنٹ، سفارتخانوں میں جائے بغیر آن لائن پاسپورٹ بنوانے، اور پاکستان میں مقدمات یا مسائل حل کرنے کے لئے سہولت مراکز قائم کرنے کے بعد اوورسیز پاکستانیوں کو ایک اور بڑا تحفہ دے دیا ہے، وراثتی جائیداد   کا انتقال کرانے کے لئے انہیں پاکستان نہیں آنا پڑے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت منگل کو ہونے والے کابینہ اجلاس میں  مشیر اوورسیز زلفی بخاری کی پیش کردہ سمری کی منظوری دے دی گئی ہے، جس کے تحت اب والدین سمیت کسی عزیز کے انتقال کی صورت میں مرحوم کی جائیداد کے وہ حصہ دار جو بیرون ملک مقیم ہوں گے، انہیں جائیداد اپنے نام کرانے کے لئے پاکستان نہیں آنا پڑے گا، بلکہ وہ بیرون ملک بیٹھ کر ہی جائیداد اپنے نام کراسکیں گے، اس سے پہلے جائیداد کی منتقلی کے  لئے اوورسیز پاکستانیوں کو واپس  پاکستان آنا پڑتا ہے، اور عدالتوں میں پیشی سمیت پٹواری اور دیگر سرکاری دفاتر کے چکر لگانے پڑتے ہیں، اور اس عمل میں ان کے کئی ماہ لگ جاتے ہیں، دوسری جانب جو اوورسیز پاکستانی وراثتی جائیداد کے انتقال کے لئے وطن واپس نہیں آپاتے، ان کے باقی بہن بھائی بھی ان کی وجہ سے جائیداد کا بٹوارہ نہیں کرپاتے، اور ان کا انتظار کرنا پڑتا ہے۔

نیا طریقہ

نئے طریقہ کار کے تحت وراثتی جائیداد کی منتقلی کے لئے درخواست گزاروں کو پاکستان میں نادرا دفتر میں تمام وارثان کے حوالے سے سادہ درخواست دینی ہوگی، اس درخواست کےساتھ  انتقال کرجانے والے عزیز کا ڈیتھ سرٹیفیکیٹ لگانا ہوگا، جبکہ  مرحوم یا مرحومہ کا شناختی کارڈ نمبر (کاپی) بھی دینا ہوگا۔

بہن بھائیوں یا دیگر وارثان میں سے کوئی ایک دیگر سے اتھارٹی لیٹر لے کر یہ درخواست دے سکے گا، دوسرے مرحلے میں  درخواست گزار کو انتقال کرجانے والے یا والی کی جائیداد کی تفصیل فراہم کرنی ہوگی، اس کے بعد قانونی وارثان پاکستان میں کسی نادرا دفتر یا پھر لندن، مانچسٹر، برمنگھم، بریڈ فورڈ، جدہ، ریاض، مدینہ، دبئی، ابوظہبی اور دوحہ کے سفارتخانوں و قونصل خانوں میں قائم نادرا ڈیسک میں جاکر اپنی بائیو میٹرک تصدیق کرائیں گے، جیسے ہی تمام وارثان کی نادراتصدیق مکمل ہوجائے گی، نادرا اس درخواست پر اخبارات اور اپنی ویب سائٹ پر 14 روز کے اندر اعتراض طلب کرنے کا اشتہار جاری کرے گا، 14 روز میں کوئی اعتراض  موصول نہ ہونے پر انہیں نادرا کی جانب سے وراثتی سرٹیفیکیٹ جاری کردیا جائے گا، حکومت کا کہنا ہے کہ جلد ہی اٹلی، فرانس، اسپین اور جرمنی سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں قائم پاکستانی سفارتخانوں اور قونصل خانوں میں بھی وراثتی سرٹیفیکیٹ کے لئے سہولت فراہم کردی جائے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.