اطالوی وزیراعظم کا استعفیٰ سے انکار

0

روم: اٹلی کے وزیراعظم جوسپے کونتے نے ویوا پارٹی کی جانب سے حکومت چھوڑنے کے باوجود فوری طور پر استعفیٰ دینے سے انکار کردیا ہے، وزیراعظم موجودہ صورتحال پر عوام کو اعتماد میں لیں گے، جبکہ حکومت بچانے کے لئے اپوزیشن ارکان کا فارورڈ بلاک بنانے کا آپشن بھی زیر غور ہے۔

تفصیلات کے مطابق کرونا بحران سے نمٹنےکے لئے یورپی یونین کی جانب سے منظور کیا گیا 200 ارب یوروکا پیکج کنٹرول کرنے کا تنازعہ اٹلی کو سیاسی بحران میں دھکیل گیا، اور حکومتی اتحادی و سابق وزیراعظم میتیو رینزی نے بدھ کو حکومت سے علیحدگی اختیار کرلی تھی، جس کے بعد وزیر اعظم جوسپے کونتے پارلیمنٹ میں اکثریت کھو بیٹھے ہیں، تاہم اکثریت کھونے کے باوجود وزیراعظم نے فوری طور پر استعفیٰ دینے سے انکار کردیا ہے، انہوں نے جمعرات کو صدر سرجیومترالے سے ملاقات کی اور انہیں بتایا کہ وہ پارلیمنٹ سے خطاب کریں گے اور وہ ارکان و قوم کو موجودہ صورتحال پیدا ہونے کے پیچھے وجوہات پر اعتماد میں لیں گے، اطالوی صدر کے دفتر سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ وزیراعظم جوسپے کونتے مستعفی نہیں ہورہے، اور وہ پارلیمنٹ سے خطاب میں صورتحال کی وضاحت کرنا چاہتے ہیں۔

فارورڈ بلاک کا آپشن

اگرچہ وزیراعظم یا ان کے اتحادیوں کی جانب سے پارلیمنٹ میں دوبارہ اکثریت حاصل کرنے کے لئے کسی اقدام کا کوئی اعلانیہ اشارہ نہیں دیا گیا، تاہم مبصرین کا کہنا ہے کہ وزیراعظم ان اپوزیشن ارکان کو انفرادی طور پر ساتھ ملانے کے لئے کام کرسکتے ہیں، جنہیں ذمہ دار ارکان کا خطاب دیا جارہا ہے۔

اگرچہ حکومت سے الگ ہونے والے میتیو رینزی نے بھی فنڈز پر ارکان پارلیمان کے کنٹرول کا مطالبہ مانے جانے پر واپسی کا آپشن کھلا رکھا ہے، تاہم وزیراعظم اور ان کی بڑی اتحادی جماعتوں فائیو اسٹار موومنٹ اور پی ڈی نے ویوا پارٹی کو دوبارہ اتحاد میں شامل کرنے سے انکار کردیا ہے، فائیو اسٹار کے رہنما اور وزیرخارجہ نے ویوا پارٹی کو ناقابل بھروسہ اور غیر ذمہ دار قرار دیتے ہوئے ان کے ساتھ نئے اتحاد کو مسترد کیا ہے۔ برطانوی خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کونتے پارلیمنٹ سے خطاب میں مختلف اپوزیشن جماعتوں سے تعلق رکھنے والےارکان کو انفرادی طور پر اپنی حمایت کے لئےقائل کرنے کی کوشش کریں گے۔

کتنی سیٹوں کی ضرورت ہے؟

ویوا پارٹی کے نکلنے کے بعد وزیراعظم جوسپ کونتے کو630 رکنی قومی اسمبلی میں 25 اپوزیشن ارکان کی حمایت کی ضرورت ہے،جبکہ 315 رکنی سینیٹ میں انہیں 18ارکان کے فارورڈ بلاک کی ضرورت ہوگی،جس کے بعدوہ دوبارہ اکثریت حاصل کرلیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.