روم: اٹلی میں جاری سیاسی بحران کے دوران ایک اہم رہنما کو دل کی تکلیف کا سامنا کرنا پڑا ہے، اور انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، اس موقع پر جاری سیاسی بحران میں حکومت سازی کے حوالے سے فروزا پارٹی کے سربراہ کا کردار اہم قرار دیا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایسے وقت میں جب ویوا پارٹی کے سربراہ میتیو رینزی نے حکومت نے علیحدگی اختیار کرلی ہے، اور اپنے دونوں وزرا کو دستبردار کرالیا ہے، جس کے بعد اٹلی میں نیا سیاسی جوڑ توڑ جاری ہے، اٹلی کے سیاسی منظرنامے کی اہم شخصیت اور سابق وزیراعظم سلویو برلسکونی کو دل کی تکلیف ہوئی ہے، وہ مناکو کے دورے پر تھے، اور انہیں وہیں دل کے ایک اسپتال میں داخل کرادیا گیا ہے، 84 سالہ برلسکونی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وہ آئندہ چند روز میں واپس آجائیں گے، ان کی بیماری کے باعث برلسکونی کے خلاف وزارت عظمیٰ کے دور میں ماڈلز کے ساتھ پارٹیوں کا کیس بھی جمعرات کو ملتوی کرنا پڑگیا، عدالت نے اب اپریل میں نئی سماعت رکھی ہے۔
برلسکونی فروزا پارٹی کے سربراہ بھی ہیں، اور جاری سیاسی بحران میں حکومت سازی کے حوالے سے ان کے کردار کو بھی بعض حلقے اہم قرار دے رہے ہیں، برلسکونی کے ذاتی معالج البرٹو زنگریلو نے اطالوی خبر ایجنسی کو بتایا ہے کہ انہوں نے فرانس جا کر برلسکونی کا معائنہ کیا ہے، انہیں دل کی دھڑکن بے ترتیب ہونے کی شکایت ہے، جس کے بعد انہیں اسپتال داخل کرادیا گیا۔