کرونا وائرس: فرانس میں کرفیو، ہسپانوی ریجن میں کاروبار بند

0

پیرس: کرونا کی خراب ہوتی صورتحال میں فرانس کے صدر نے پیرس سمیت تمام بڑے شہروں میں کرفیو کے اعلان پر عملدرآمد شروع ہوگیا ہے، کرفیو پر عمل درآمد کے لئے 12 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کئے گئے ہیں، جبکہ اسپین کے کاتالونیا ریجن(جہاں پاکستانی بڑی تعدا میں آباد ہیں) میں بار اور ریستوران بند کردئیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق فرانس میں کرونا  کے بڑھتے پھیلاؤ کو دیکھتے ہوئے صدر ایمینوئل میکرون نے پیرس سمیت تمام بڑے شہروں میں رات کے کرفیو کا اعلان کیا تھا کہ ہفتہ کے روز سے رات 9 بجے سے صبح 6 بجے تک ملک کے تمام بڑے شہروں میں کرفیو نافذ رہے گا، جس پر آج سے عملدرآمد شروع ہوگیا ہے۔

فرانس کی صورتحال

فرانس میں جمعرات کو 30 ہزار 621 نئے کرونا کیس سامنے آئے ہیں، جبکہ یومیہ 100 سے زائد اموات ریکارڈ کی جارہی ہیں   فرانسیسی صدر میکرون نے جمعہ سے پیرس سمیت 9 بڑے شہروں میں رات کے کرفیو کا اعلان کیا ہے، جو رات 9 بجے سے صبح 6 بجے تک جاری رہے گا، اور اس دوران کسی کو ایمرجنسی کے علاوہ باہر نکلنے کی  اجازت نہیں دی جائے گی، فرانسیسی وزیرداخلہ نے بتایا کہ کرفیو پر عمل درآمد کے لئے 12 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کئے جارہے ہیں۔

اسپین کی صورتحال

اسپین میں صورتحال اچھی نہیں ہے، اور وائرس کا پھیلاؤ کنٹرول کرنے کے لئے کیتولینیا ریجن جس میں بارسلونا بھی شامل ہے، وہاں 15 روز کے لئے  ریستوران اور بار بند کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے، اس کے علاوہ دکانوں اور پارکس کے اوقات کار بھی کم کردئیے گئے ہیں، ریجنل چیف پیری اراگنوس کا کہنا ہے کہ ریستورانز سے صرف ٹیک اوے اور ڈلیوری سروس دی جاسکے گی،  وہاں بیٹھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

جرمنی کی صورتحال

جرمنی میں جمعرات کو 6 ہزار 638 نئے مریض سامنے آئے، جبکہ 33 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جرمنی میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کرونا سے ہونے والی اموات میں تین گنا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد چانسلر انجیلا مرکل نے نئے احتیاطی اقدامات کے لئے علاقائی سربراہان سے بات چیت کی ہے، یورپ میں بڑھتے ہوئے کرونا کیسز کے بعد یورپی اسٹاک مارکیٹیں بھی دباؤ کا شکار ہیں، اور جمعرات کو انڈیکس میں 2 فیصد کمی دیکھی گئی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.