اٹلی میں کاغذات جمع کرانے والوں کیلئے اہم خبر

0

روم :اٹلی کی حکومت نے ایمنسٹی اسکیم کے تحت درخواست دینے والے 2 لاکھ 20 ہزار تارکین وطن کو خوش خبری سنادی، لیگل ہونے کیلئے پیپر جمع کرانے والوں میں 18 ہزار سے زائد پاکستانی بھی شامل ہیں، اٹلی کے نائب وزیر داخلہ میتیو میوری نے تمام درخواست جمع کروانے والے تارکین کو لیگل کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی کے نائب وزیر داخلہ میتیو میوری نے کہا ہے کہ جون میں اعلان کی گئی اسکیم کے تحت 2 لاکھ 20 ہزار تارکین وطن نے کاغذات کیلئے درخواستیں جمع کرائی ہیں، ان میں سے 2 لاکھ 7 ہزار تارکین وطن نے ریگولرائزیشن کیلئے درخواست دی ہے، جبکہ 13 ہزار وہ ہیں، جن  کے پہلے پرمٹ ختم ہوچکے تھے اور اب انہوں نے نئے پرمٹ کیلئے اپلائی کیا ہے، اس طرح  مجموعی طور پر 2 لاکھ 20 ہزار تارکین وطن کی درخواستیں ملی ہیں، جن پر حکومت مزید کارروائی کررہی ہے۔

انہوں نے درخواستیں دینے والے تمام تارکین وطن کو قانونی دستاویزات دینے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے بھی تقریباً 2 لاکھ 20 ہزار تارکین وطن کو قانونی دستاویزات دینے کا پروگرام بنایا تھا، اور درخواستیں ہمارے اندازے کے عین مطابق آئی ہیں۔

اسکیم کیا تھی

اطالوی حکومت نے یکم جون کو تارکین وطن کیلئے مخصوص شعبوں میں ایمنسٹی اسکیم کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت زراعت اور گھریلو ملازمین کی کیٹگری میں تارکین وطن کو ریگولرائز کیا جائے گا، اسکیم میں ان تارکین وطن کو بھی درخواست کا اہل قرار دیا گیا تھا، جن کے ورک پرمٹ 31 اکتوبر 2019 کے بعد ختم ہوگئے تھے۔

استحصال روکنا

اطالوی نائب وزیرداخلہ  کا کہنا تھا تارکین وطن کی ریگولرائزیشن سے سب کا فائدہ ہوگا، اس سے تارکین کی اطالوی معاشرے سے ہم آہنگی بڑھانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ فوجا ریجن میں غیرقانونی تارکین وطن کا استحصال روکنے کیلئے حکومت بھرپور اقدامات کررہی ہے، اس کیلئے ہم سیکورٹی اداروں کے ساتھ  یونین اور ایسوسی ایشنز سب کو ملا کر کام کررہے ہیں، یہ پرانا مسئلہ ہے، لیکن ہم نے اس استحصال کا مکمل خاتمہ کرنا  ہے، ہم فوجا ریجن میں تارکین وطن کو باعزت رہائش اور روزگار کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں، تاکہ کوئی ان کا استحصال نہ کرسکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.