کرونا وائرس: پیرس میں کئی شعبوں کیلئے پابندیاں عائد

0

پیرس: فرانس کے دارالحکومت پیرس میں کرونا کی بگڑتی صورتحال کےبعد حکومت نے نئی پابندیوں کا اعلان کردیا ہے، جن میں بارز اور شراب کی فروخت کے حوالے سے پابندیاں بھی شامل ہیں، شادیوں سمیت ہر طرف کی پارٹیوں پر بھی مکمل پابندی ہوگی، دیگر 5 بڑے شہروں کے لئے بھی خطرے کی گھنٹی بج گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پیرس میں کرونا کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر نئی پابندیاں عائد کردی گئی ہیں، جن کے تحت بارز کو بند کردیا گیا ہے ، جبکہ رات 10 بجے کے بعد شراب کی فروخت کی بھی اجازت نہیں ہوگی، یہ پابندیاں منگل سے اگلے 15 روز کے لئے لگائی گئی ہیں ، اور دو ہفتوں کے بعد دوبارہ صورتحال کا جائزہ لےکر اگلا فیصلہ کیا جائے گا، حکام کا کہنا ہے کہ پیرس میں کرونا کی صورتحال مسلسل بگڑتی جارہی تھی، اور اسپتالوں میں بستر بھرتے جارہے تھے، اس لئے وبا کو بریک لگانے کے لئے اقدامات ضروری ہوگئے ہیں۔

تاہم نئی پابندیوں میں ریستورانز کو چھوڑدیا گیا، اور وہ ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے کاروبار جاری رکھ سکیں گے، پیرس کے مئیر کا کہنا ہے کہ ہمیں احساس ہے کہ کرونا کا بحران شہر میں اقتصادی سرگرمیوں کے لئے تباہ کن نتائج کا حامل ہے، لیکن اس وقت ہمیں اس وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کی کوششیں کرنی ہیں، تاکہ صورتحال ہاتھ سے نہ نکلے۔

نئی پابندیاں

نئی پابندیوں کے تحت بارز بند کردئیے گئےہیں ، تاہم ریستورانز کھلے رہیں گے، لیکن انہیں ایس او پیز پر سختی سے عمل یقینی بنانا ہوگا، اسی طرح عوامی مقامات پر 10 سے زائد افراد کے اجتماع پر بھی پابندی لگادی گئی ہے، تاہم،گائیڈڈ ٹورز، جنازے اور مارکیٹوں میں خریداری کرنے والوں پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا، نئی پابندیوں کے تحت رات 10 بجے کے بعدپارکوں سمیت عوامی مقامات پر شراب پینے پر پابندی لگادی گئی ہے، جبکہ 10 بجے کے بعد شراب کی فروخت بھی ممنوع ہوگی۔

شادیوں سمیت ہر طرف کی پارٹیوں پر بھی مکمل پابندی ہوگی ، پیر س میں ڈانس ہال اور کمیونٹی سینٹرز بند کردئیے جائیں گے، اسی طرح جیم، فٹنس کلب اور سوئمنگ پولوں کو بھی تالا لگایادیا جائے گا، تاہم اسکولوں کے بچوں کے لئے کھیلوں کی سرگرمیاں جاری رکھی جاسکیں گی۔

دوسری طرف پیرس کے بعد حکام نے فرانس کے مزید 5 شہروں کے لئے بھی خطرہ کا بگل بجادیا ہے، ان میں لیون، للی ، تولوس، سینٹ اٹینی، اور گرینوبل شامل ہیں ، جہاں کرونا کے زیادہ کیس آرہے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.