اسپین میں گھر سے باہر نکلنے کیلئے کونسے دستاویزات لازمی قرار

0

میڈرڈ: اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ کے علاقوں میں کرونا پابندیوں پر عمل کرانے کیلئے پولیس نے چیکنگ کا عمل تیز  کردیا ہے،کرونا پابندیوں میں ملازمت،تعلیم، علاج یا تیمارداری کیلئےجانے والوں کو نقل و حرکت کی چھوٹ دی گئی ہے، تاہم اب پولیس بتدریج سختی کررہی ہے،تاہم اب متاثرہ علاقوں سےجانے والے لوگوں سےدستاویزات طلب کی جارہی ہیں۔

تاکہ لوگ اس سہولت کا غلط فائدہ نہ اٹھائیں، حکام نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کو وہ ملازمت، علاج یا تعلیم سمیت مستثنیٰ کاموں کے لئے گھروں سے نکلیں تو متعلقہ دستاویزات ساتھ رکھیں، جوپولیس کےروکنےپر دکھانی ہوں گی،میڈرڈ میں متاثرہ علاقوں کےرہائشی بالخصوص غیر ملکیوں  کو مشورہ دیا گیا ہےکہ وہ باہر نکلتے وقت اپنی  تصویر والی شناختی دستاویز ضرورساتھ رکھیں،جن میں شناختی کارڈ کے ساتھ یوٹیلٹی بل بھی شامل ہوسکتے ہیں۔

اسی طرح طلبا کو پولیس کے روکنے پر اپنی یونیورسٹی، کالج یا اسکول کا کارڈ دکھانا ہوگا، جبکہ ملازمت پر جانے والوں کو حکومت  کا فراہم کردہ فارم اپنے  مالک سے دستخط کروا کر ساتھ رکھنا چاہئے، جس میں ان کی ملازمت کے مقام کا بھی ذکر ہوگا، بینک میں جانے کیلئے بھی متعلقہ بینک کا لیٹر دکھانا ضروری قرار دیا گیا ہے، علاج کی غرض سے باہر نکلنے والوں کو ڈاکٹر سے اپائنٹمنٹ یا کوئی اور ایسی دستاویز دکھانی ہوگی، جس سے یہ ثابت ہوسکے کہ وہ علاج کیلئے باہر جارہے ہیں، اسی طرح تیمارداروں کو بھی مزاج پرسی کیلئے اسپتال جانے کی اجازت دی گئی ہے، تاہم انہیں اس کے لئےاپنے مریض کے اسپتال میں داخل ہونے کا کوئی ثبوت اپنے پاس رکھنا ہوگا،جو بوقت ضرورت پولیس کو دکھایا جائےگا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.