کراچی: حوالہ وہنڈی کے غیرقانونی دھندے میں ملوث افراد نے طریقے بدل لئے، کاروں کے شو روم کی آڑ میں حوالہ اور ہنڈی کا کاروبار کرنے والا پکڑا گیا، ایف آئی اے نے کراچی میں چھاپہ مارا، جس میں کروڑوں روپے مالیت کی غیرملکی کرنسی برآمد ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے چھاپوں کے بعد حوالہ وہنڈی کے غیرقانونی دھندے میں ملوث افراد نے طریقے بدل لئے ہیں، اور انہوں نے اپنے روایتی ٹھکانے ختم کرکے دوسرے کاروباری اداروں کی آڑ لینا شروع کردی ہے، کراچی میں ایف آئی اے نے ایک کارروائی میں ایسا ہی ایک ہنڈی ڈیلر پکڑا ہے، جو بظاہر کار شو روم چلارہاتھا، لیکن اس کی آڑ میں اپنا غیر قانونی دھندا چلار ہا تھا، ایف آئی اے نے خفیہ اطلاع پر بابر ڈوسانی کے کار شور وم پر چھاپہ مارا ، جہاں وہ یہ دھندا چلارہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: حوالہ ہنڈی کے کام میں ملوث 5 پاکستانی تارکین پکڑے گئے
ایف آئی اے چھاپے میں کار شو روم سے بھاری مقدار میں غیر ملکی کرنسی کے ساتھ ساتھ انوائسز اور پاکستانی روپے برآمد ہوئے، جن میں 72 ہزار 539 ڈالر، 26 ہزار سے زائد برطانوی پاؤنڈ، 20 ہزار سعودی ریال، 34 ہزار ترکش لیرا، 11 ہزار اماراتی درہم اور 22 لاکھ کے قریب پاکستانی کرنسی شامل ہے۔