برطانیہ میں کرونا کیس میں یکدم بڑا اضافہ

0

لندن: برطانیہ میں بھارتی وائرس کے اثرات سامنے آنے لگے، مریضوں اور اموات میں یکدم بڑا اضافہ ہوگیا ہے، دوسری جانب بھارتی وائرس کی تبدیل شدہ شکل نیپالی وائرس کی صورت میں بھی سامنے آگئی ہے، جس نے خطرہ مزید بڑھادیا ہے، پرتگال کو فوری طور پر گرین لسٹ سے خارج کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ میں بھارتی وائرس اپنا اثر دکھانے لگا ہے، اور جمعرات کو نئے کیس 5 ہزار سے بھی تجاوز کرکے 5247 تک پہنچ گئے، جبکہ یکدم اموات بھی 18 ہوگئیں، محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ دو ماہ کے بعد پہلی بار نئے کیس 5 ہزار تک پہنچے ہیں، جبکہ ایک ہفتے کے دوران 49 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، سب سے زیادہ اضافہ اموات میں ہوا ہے، جو گزشتہ جمعرات کو 10 تھیں جبکہ ایک ہفتے میں ہی 18 ہوگئیں، خیال رہے کہ برطانیہ میں اب تک کرونا وائرس کے 45 لاکھ سے زائد کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 1 لاکھ 28 ہزار سے زائد ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بھارتی وائرس اب برطانیہ میں تیزی سے اثرات دکھانے لگا ہے، لیکن اس کے ساتھ ہی حکام پر امید ہیں کہ اب برطانیہ میں بالغ افراد کی نصف تعداد 2 کروڑ 64 لاکھ کو ویکسین لگادی گئی ہے، جبکہ 75 فیصد سنگل ڈوز لے چکے ہیں، جس سے صورتحال قابو میں رہنے کی امید ہے۔

یہ بھی پڑھیں: برطانیہ میں ایک اور نیا وائرس سامنے آگیا، برطانوی شہریوں پر یورپی ملک کی سخت شرط

نیپالی وائرس

بھارتی وائرس کی تبدیل ہوتی زیادہ خطرناک شکل سامنے آئی ہے، جسے نیپالی وائرس کا نام دے دیا گیا ہے۔

برطانیہ میں اس وائرس کے 29 کیس سامنے آگئے ہیں، اس وائرس کو K417N کا سائنسی نام دیا گیا ہے، اس کے حوالے سے شبہ ہے کہ یہ دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ پر جانے والے کوہ پیماؤں سے پھیلا ہے، ماہرین کو خدشہ ہے کہ یہ نیا وائرس ویکسین کے خلاف بھی زیادہ مزاحمت کا حامل ہوسکتا ہے، اس نئے وائرس کے 13 مریض گزشتہ دنوں نیپال سے جاپان پہنچے تھے، برطانوی اخبار میل کے مطابق اس نئے نیپالی وائرس کے مریض امریکہ ،بھارت اور پرتگال میں بھی سامنے آئے ہیں، اور پرتگال میں کیس سامنے آنے کےبعد ہی برطانیہ نےفوری طور پر پرتگال کو گرین لسٹ سے نکال دیاہے، اور وہاں سےآنے والوں کے لئے قرنطینہ لازمی قرار دے دیا ہے۔

برطانوی وزیرٹرانسپورٹ گرانٹ شیپس کا کہنا ہے کہ پرتگال میں ایک ماہ کے دوران کرونا کیس دگنے ہوگئے ہیں، اور وہاں نیا وائرس بھی سامنے آیا ہے، اس لئے نام گرین لسٹ سے نکالا گیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.