اٹلی میں نیا بونس دینے کی تیاری

0

روم: اٹلی کی حکومت نے شہریوں اور ملک میں قانونی طور پر مقیم مہاجرین کو بونس دینے کا فیصلہ کرلیا ہے، اس بونس کا مقصد سیاحتی کاروبار کی بحالی ہے، بونس کیلئے اہلیت کا معیار بھی نرم کرنے کی تیاری کی جارہی ہے، یہ بونس گزشتہ سال متعارف کرایا گیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق اطالوی حکومت نے 500 یورو تک کا بونس دینے کا فیصلہ کرلیا ہے، bonus vacanze پہلی بار گزشتہ سال متعارف کرایا گیا تھا، جس کا مقصد کرونا بحران کی وجہ سے بدحالی کا شکار سیاحتی صنعت کی بحالی تھی، تاہم گزشتہ برس کچھ شرائط کی وجہ سے یہ بونس اسکیم زیادہ کامیاب نہیں ہوئی تھی، اور بونس کے لئے رکھے گئے دو ارب 60 کروڑ یورو میں سے صرف 82 کروڑ یورو ہی شہری استعمال کرسکے تھے، اطالوی وزیر سیاحت کا کہنا ہے کہ اب ہم اس سال موسم گرما میں اپنے لوگوں کو دوبارہ یہ بونس دینے جارہے ہیں، اور اسے مزید بہتر بھی بنایا جارہا ہے، تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سے فائدہ اٹھاسکیں۔

بونس سے اٹلی میں قانونی طور پر مقیم ایسے تمام افراد فائدہ اٹھاسکیں گے، جن کی سالانہ آمدن 40 ہزار یورو تک ہے، اس سے زیادہ آمدن والے اس بونس کیلئے اہل نہیں ہوں گے، بونس کا مقصد ایک طرف لاک ڈاؤن کے ستائے شہریوں کو تفریح کا موقع فراہم کرنا ہے، تو دوسری جانب اطالوی سیاحتی صنعت کی بحالی بھی ہے، جو اٹلی میں 15 فیصد روزگار کا ذریعہ ہے، اطالوی حکومت چاہتی ہے کہ شہری اور ملک میں قانونی طور پر مقیم افراد اٹلی کے اندر ہی زیادہ سے زیادہ سیاحت کیلئے نکلیں۔

اطالوی وزیر سیاحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس اس بونس میں کچھ مسائل تھے، جنہیں ہم اس بار دور کررہے ہیں، انہوں نے بتایا کہ ہم نے بونس اسکیم کی مدت دسمبر 2021 کے بجائے اگلے سال یعنی 2022 کی گرمیوں تک کرنے، صارفین کی طرف سے ٹریول ایجنسیوں کو ڈسکاؤنٹ وصول کرنے کی اجازت دینے اور بونس کی ساری رقم کا استعمال صارف پر چھوڑنے کی ترامیم تیار کی ہیں، جس کے بعد صارف چاہے تو ایک ہی بار گھومنے پھرنے پر اپنا بونس خرچ کرسکے گا، اور چاہے تو بونس کی رقم ایک سے زائد ٹرپ پر لگاسکے گا، اسی طرح وہ بونس کی رقم سے مختلف اداروں سے فائدہ اٹھاسکے گا۔

اسی طرح انفرادی طور پر، جوڑے اور خاندان بونس کے لئے اپلائی کرسکیں گے، البتہ ایک فیملی کے لئے بونس کی زیادہ سے زیادہ رقم 500 یورو ہی ہوگی، جبکہ ایک فرد کی صورت میں یہ رقم 150 یورو ہوگی، اسی طرح جوڑے کی صورت میں یہ رقم 300 یورو ہوجائے گی، بونس کی رقم کیش کی صورت میں نہیں ملے گی، بلکہ یہ ہوٹل یا ٹریول ایجنٹ وغیرہ کے بل میں ایڈجسٹ کرائی جاسکے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.