لاک ڈاؤن کیخلاف کئی یورپی ممالک میں احتجاج

0

برسلز: لاک ڈاؤن کے خلاف تین یورپی ملکوں میں احتجاج ہوا ہے، جس کے دوران پولیس سے تصادم کے واقعات بھی پیش آئے ہیں، مظاہرین نے کرونا پاسپورٹ کی تجویز کے خلاف بھی احتجاج کیا، جرمنی میں بھی جہاں لاک ڈاؤن کے اختیارات مرکزی حکومت کو منتقل ہونے پر شہریوں نے احتجاج کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ، جرمنی اور سوئٹزرلینڈ میں لاک ڈاؤن کے خلا ف احتجاجی مظاہرے ہوئے ہیں، لندن میں ہونے والے مظاہرے کے دوران مظاہرین نے کرونا پاسپورٹ کی تجویز کے خلاف بھی احتجاج کیا، وہ آزادی  کے نعرے لگارہے تھے، اس موقع پر ہائیڈ پارک کے قریب مظاہرین اور پولیس میں تصادم بھی ہوا ہے، جس میں 2 پولیس افسر زخمی ہوگئے، جنہیں طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کرنا پڑا، پولیس نے 5 افراد کو گرفتار کرلیا ہے، جرمنی میں بھی جہاں لاک ڈاؤن کے اختیارات مرکزی حکومت کو منتقل ہونے کے بعد ملک گیر سطح پر پابندیوں میں سختی اور رات کے کرفیو کا نفاذ شروع ہوگیا ہے، شہریوں نے پابندیوں کے خلاف احتجاج کیا ہے، فرینکفرٹ اور ہینوور میں سینکڑوں افراد نے لاک ڈاؤن اور نائٹ کرفیو کیخلاف احتجاج کیا،

واضح رہے کہ جرمنی کی مرکزی حکومت نے پورے ملک میں لاک ڈاؤن کے لئے یہ اصول طے کردیا ہے کہ جس علاقے میں ایک لاکھ افراد میں یومیہ 100 سے زائد نئے کرونا کیس مسلسل تین دن سامنے آئیں گے، وہاں سخت ترین پابندیاں عائد کردی جائیں گی۔ سوئٹزرلینڈ میں بھی سینٹ گیلین St Gallen ریجن میں 4 ہزار سے زائد مظاہرین نے کرونا پابندیوں کے خلاف احتجاج کیا ہے، مظاہرین نے ماسک بھی اتارے ہوئے تھے، سوئس پرچم اٹھائے مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ پابندیاں ختم کی جائیں، پولیس کے مطابق مظاہرے میں 4 ہزار کے قریب افراد نے شرکت کی لیکن کسی قسم کے تشدد کا واقعہ پیش نہیں آیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.