ترکی میں بھی ڈبل شاہ لوگوں کو اربوں ڈالر کا چونا لگا کر فرار

0

استنبول: ترکی میں بھی ڈبل شاہ جیسا کردار سامنے آگیا ہے، جو لوگوں سے 2 ارب ڈالر لوٹ کر فرار ہوگیا، ترک حکومت نے گرفتاری کے لئے عالمی ادارہ سے مدد طلب کرلی ہے، ترک حکام نے فتح اوزر کا ٹھکانہ معلوم کرلیا ہے، اور وہ یورپی مسلم ملک البانیہ میں موجود ہے۔

تفصیلات کے مطابق ترکی میں ڈبل شاہ جیسا کردار عوام کو 2 ارب ڈالر کا چونا لگاکر فرار ہوگیا ہے، فاروق فتح اوزر نامی بزنس مین نے ’’تھوڈیکس ٹریڈنگ‘‘ نامی کمپنی کھولی تھی، اور وہ ترکی میں کرپٹو کرنسی کا بانی سرمایہ کار تصور کیا جاتا تھا، کرپٹو کرنسی اور اس میں بے پناہ منافع کا لالچ دے کر اس نے کاروباری شخصیات اور عوام سے دو ارب ڈالر جمع کئے اور اچانک گزشتہ ہفتے غائب ہوگیا۔ ترک ڈبل شاہ کے بارے میں لوگوں کا ماتھا اس وقت ٹھنکا، جب اس نے بدھ کو کمپنی کی ویب سائٹ پر یہ اعلان کیا کہ باہر سے آنے والی سرمایہ کاری کی وجہ سے وہ 5 روز کے لئے لین دین بند کررہا ہے، جس کے بعد متاثرین اور ترک حکام حرکت میں آئے ، لیکن اس وقت تک فاروق فتح اوزر ترکی سے فرار ہوچکا تھا۔

پولیس نے کمپنی پر چھاپہ مار کر وہاں کام کرنے والے 62 افراد کو حراست میں لے لیا ہے، جبکہ فاروق فتح اوزر کے انٹرپول سے عالمی وارنٹ جاری کردئیے ہیں، جن میں فرار بزنس مین پر مالیاتی فراڈ سمیت سنگین الزامات لگائے ہیں، ترکی کے سیکورٹی حکام نے مفرور فاروق فتحی اوزر کی تصویر بھی جاری کی ہے۔ اس کی عمر 27 اور 28 سال کے درمیان بتائی جارہی ہے۔ فرانسیسی خبر ایجنسی کے مطابق ترک حکام نے فتح اوزر کا ٹھکانہ معلوم کرلیا ہے، اور وہ یورپی مسلم ملک البانیہ میں موجود ہے،جہاں سے اسے گرفتار کرکے واپس لانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں، اس سلسلے میں ترک وزیر داخلہ سلمان سولو نے البانیہ کے ہم منصب سے فون پر بھی بات کی ہے، اور ملزم کی گرفتاری و حوالگی کی درخواست کی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.