شوہر نے راز کیوں بیچے، گرفتار اطالوی افسر کی بیوی کا موقف آگیا

0

روم: روس سفارتخانے کے افسر کو ملکی راز فراہم کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے اٹلی کے نیول افسر نے ایسا کیوں کیا، اس حوالے سے اس کی بیوی کا موقف سامنے آگیا ہے،  اور اس نے اپنے شوہر کی مجبوری بتانے کے ساتھ  اس کی صفائی بھی دینے کی کوشش کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق روسی سفارتخانے کے افسر کو اہم خفیہ دستاویزات فراہم کرنے کے دوران اٹلی کی کارابیری پولیس کے ہاتھوں روم میں رنگے ہاتھوں گرفتار ہونے والے نیول کیپٹن والٹر بیوٹ خود تو عدالت میں پیشی کے موقع پر خاموش رہا ہے، لیکن اس کی اہلیہ کا بیان سامنے آگیا ہے، اطالوی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق بیوٹ کی اہلیہ کلاڈیا کاربونارا کا کہنا ہے کہ اس کے شوہر کو پیسوں کی سخت ضرورت تھی، ان کے گھر کے معاشی حالات خراب تھے، اس لئے اس نے یہ غلطی کی، واضح رہے کہ والٹر بیوٹ 5 ہزار یورو کے بدلےدستاویزات روسی افسر کے حوالے کررہا تھا، جسے اب اٹلی نے ملک سے نکلنے کا حکم دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اٹلی کا نیوی افسر روس کیلئے جاسوسی کرتے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا

کلاڈیا کا کہنا تھا کہ میرا شوہر کچھ عرصے سے معاشی مسائل میں گھرا ہوا تھا، اور اسے ڈر تھا کہ وہ ان مسائل سے نکل نہیں سکے گا، اس کی تنخواہ تین ہزار یورو ہے، جس میں سے 1200 یورو مورٹگیج (گھر کی قسط) کے چلے جاتے ہیں، ہمارے چار بچے ہیں، جن میں سے ایک معذور بھی ہے، انہی مسائل کو لے کر میرا شوہر پریشان رہتا تھا۔

کلاڈیا کا موقف تھا کہ اس کا شوہر اپنے ملک کو نقصان نہیں پہچانا چاہتا تھا، مجھے یقین ہے کہ اس نے روسی افسر کو بہت ہی کم معلومات دی ہوں گی، وہ غیر ذمہ دار  نہیں، بس اپنی فیملی کے مستقبل کے بارے میں پریشان تھا، دوسری طرف گرفتار والٹر بیوٹ کو عدالت میں پیش کیا گیا ہے، اس کی جانب سے روسی افسر کے حوالے کئے گئے میموری کارڈ سے 181 دستاویزات کی کاپیاں ملی ہیں، جن میں نیٹو کی ٹاپ سیکرٹ دستاویز بھی شامل ہیں،  اس پر جج نے والٹر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے پیسے کے لئے اٹلی سے غداری کی ہے، انہوں نے کہا کہ والٹر اس سے پہلے بھی راز بیچ رہا تھا، اور اس کے پاس 4 اسمارٹ فون تھے، جو وہ اس کیلئے استعمال کررہا تھا۔

خیال رہے کہ نیوی افسر کے پکڑے جانے پر اطالوی وزارت خارجہ نے اس واقعے کے بعد روسی سفیر سرگئی رازوف کو طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا تھا جبکہ دو روسی سفارتی اہلکاروں کو ملک بدر کر دیا گیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.