اٹلی کا نیوی افسر روس کیلئے جاسوسی کرتے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا

0

روم: اٹلی نے روس کو راز فروخت کرنے کی کوشش کرتے ہوئے اپنے ایک اعلیٰ نیول افسر کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا ہے، مذکورہ افسر سے راز خریدنے والے روسی سفارتخانے کے فوجی عہدیدار کو بھی حراست میں لیا گیا، جبکہ معاملے کی بڑے پیمانے پر جانچ شروع کردی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی کی کاربیری پولیس نے روم میں کارروائی کرتے ہوئے اپنے نیول افسر والٹر بایوٹ کو اس وقت رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا، جب وہ 5 ہزار یورو کے عوض ملکی اور نیٹو کے راز روسی سفارتخانے میں تعینات روس کے فوجی افسر کے حوالے کررہا تھا، دونوں کے درمیان یہ معاملہ ایک پارکنگ میں طے پا رہا تھا، تاکہ کسی کو شک نہ ہو، تاہم اٹلی کی کارا بیری پولیس پہلے سے ہی اپنے نیول افسر پر نظر رکھے ہوئے تھی۔

اطالوی وزارت خارجہ نے اس واقعے کے بعد روسی سفیرسرگئی رازوف کو طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا جبکہ دو روسی سفارتی اہلکاروں کو ملک بدر کر دیا گیا ہے۔ اٹلی کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ روسی سفیر کو اس سنگین واقعے میں ملوث دو اہلکاروں کو فوری طور پر واپس بھیجنے کا کہہ دیا گیا ہے۔ اطالوی وزیرخارجہ  لیگوئی ڈی مایو کا کہنا ہے کہ یہ ایک سنگین معاملہ ہے۔ اس واقعے میں ملوث جس اطالوی کو گرفتار کیا گیا ہے، وہ فریگیٹ کپتان ہے، اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف کے دفتر میں خدمات انجام دے رہا تھا۔ اطالوی ویب سائٹ Corriere کے مطابق نیول افسر کے فلیٹ پر بھی چھاپہ مارا گیا ہے، اور وہاں سے جو دستاویزات ملی ہیں۔

ان سے پتہ چلتا ہے کہ مذکورہ اطالوی کپتان نے ہوسکتا ہے مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کی خفیہ معلومات بھی روس کو بیچی ہوں، اور دوسرے ملکوں کی سیکورٹی  بھی خطرے میں ڈالی ہو، اطالوی سرکاری خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ برامد کی گئی دستاویزات فوجی رابطوں سے متعلق ہیں، مذکورہ نیول افسر کیخلاف اطالوی ادارہ کافی عرصہ سے تحقیقات کررہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:اٹلی: حلیہ بدلنا بھی کام نہ آیا، جونی ایک بار پھر پکڑا گیا

دوسری جانب روس نے ایک بیان میں امید ظاہر کی ہے کہ اس واقعے سے دونوں ممالک کے تعلقات متاثر نہیں ہوں گے۔ روسی وزارت خارجہ  کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس فی الحال ایسی معلومات نہیں ہیں کہ روسی اہلکار کو کن وجوہات اور کن حالات میں حراست میں لیا گیا ہے۔ لیکن ہم امید کرتے ہیں کہ کسی بھی صورت میں روسی اطالوی تعلقات کی انتہائی مثبت اور تعمیری نوعیت جاری رہے گی اور انہیں محفوظ رکھا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.