یورپ کی معیشت بیٹھنے لگی، اٹلی میں غربت میں ریکارڈ اضافہ

0

روم: غریب ممالک کے شہری خوشحال زندگی کی تلاش میں یورپی ممالک کا رخ کرنے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن کرونا نے دنیا کا معاشی نقشہ بھی تبدیل کرنا شروع کردیا ہے، یورپی ممالک میں بھی بے روزگاری اور مہنگائی بڑھ رہی ہے، جرمنی، فرانس، برطانیہ، اسپین اور اٹلی جیسے بڑے ملکوں کی معیشتیں منفی گروتھ میں چلی گئی ہیں۔

ایسے میں اہم یورپی ملک اٹلی میں غربت کی شرح بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، کچھ گھرانوں کے لئے کھانے کا بندوبست کرنا بھی مشکل ہوتا جارہا ہے، تفصیلات کے مطابق اٹلی کے شماریات کے ادارہ ISTAT نے ملک میں غربت کی شرح کے نئے  اعدادوشمار جاری کردئیے ہیں، جن میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ برس 2020 میں ملک میں غربت تیزی سے بڑھی ہے، اور 2005 میں جب سے غربت کا ریکارڈ مرتب کرنا شروع کیا گیا ہے، گزشتہ سال سب سے بدترین رہا، غربت کی شرح 6.4 فیصد سے بڑھ کر 7.7 فیصد ہوگئی ہے، اور غربت کی سطح پر جانے والے گھرانوں میں ایک سال کے دوران 3 لاکھ 35 ہزار کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد غریب گھرانوں کی تعداد 20 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اٹلی: سیاسی بحران سے معیشت کو جھٹکے

یہ 20 لاکھ گھرانے خوراک اور دیگر بنیادی ضروریات پوری نہیں کر پارہے، افراد کے لحاظ سے دیکھا جائے تو 6 کروڑ آبادی والے اٹلی میں مزید 10 لاکھ افراد گزشتہ برس غربت کی سطح پر چلے گئے، اور غریبوں کی مجموعی تعداد56 لاکھ تک پہنچ گئی ہے، اٹلی میں گزشتہ برس غربت میں اس تیز رفتار اضافے کی بڑی وجہ کرونا کا بحران بنا ہے، جس نے اطالوی معیشت کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔

اطالوی ادارہ کے مطابق 2020 کے دوران اٹلی میں گھرانوں کی طرف سے مہینے کے دوران خرچ کی جانے والی رقم میں بھی  9 فیصد سے زائد کی کمی آئی ہے، 2019 میں اطالوی گھرانے ایک ماہ کے دوران اوسطاً 2800 یورو خرچ کرتے تھے، جو   گزشتہ برس 2328 یورو کی سطح پر آگئے۔

یورپی ملکوں کی معاشی صورتحال

کرونا کی وجہ سے گزشتہ برس اٹلی کی معیشت پھیلنے کے بجائے 8.9 فیصد سکڑ گئی، اسی طرح جرمنی کی معیشت میں 5 فیصد اور فرانس کی معیشت میں 8.3 فیصد سکڑاؤ دیکھا گیا، اسپین کی معاشی صورتحال سب سے خراب رہی، جہاں معیشت  منفی 11 فیصد میں چلی گئی۔

دوسری جانب کرونا کی وجہ سے لگنے والے لاک ڈاؤن نے برطانیہ کی معیشت کو بھی بڑا نقصان پہنچایا ہے، اور پہلی بار خسارہ ریکارڈ سطح کو چھونے جارہا ہے، دوسری طرف ملک میں بے روزگاری میں بھی بڑا اضافہ ہوا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.