برطانوی حکام کی تین ہفتے تک دوڑیں لگوانے والا کون نکلا؟

0

لندن: ایک وقت تھا کہ ’’ڈان‘‘ کی تلاش میں حکومتوں کی دوڑیں لگ جاتی تھیں، لیکن اب کرونا کا دور ہے، اور اس میں ’’ڈان‘‘ سے زیادہ لاپتہ ہوجانے والا کرونا مریض حکومتوں کی دوڑیں لگوادیتا ہے، ایسا ہی کچھ برطانیہ میں ہوا ہے، جہاں ایک کرونا مریض نے تین ہفتے تک حکومت کی دوڑ لگوائے رکھی۔

تفصیلات کے مطابق کرونا کی برازیلی قسم کے انفیکشن میں مبتلا ایک شخص تین ہفتے قبل برطانوی حکام کی نظروں سے اوجھل ہوگیا تھا، جس پر برطانوی حکام کی دوڑیں لگ گئیں، اور ملک بھر میں اس کی تلاش شروع کردی گئی تھی، معاملہ اتنا بڑھ گیا تھا کہ وزیر صحت میٹ ہنکوک نے مریض کی تلاش کے لئے عوام سے مدد کی اپیل بھی کی تھی، تاہم اب اچھی خبر یہ ہے کہ مذکورہ مریض مل گیا ہے، برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کے مطابق 2 عہدیداروں نے مذکورہ مریض ملنے کی تصدیق کردی ہے، جو فروری میں ٹیسٹ کے بعد اپنے رابطے کی معلومات دئیے بغیر غائب ہوگیا تھا، واضح رہے کہ برازیلی وائرس کے اب تک برطانیہ میں 6 مریض سامنے آچکے ہیں۔

نیا وائرس

اس دوران برطانوی ماہرین نے کرونا کے ایک نئے وائرس کی تشخیص کی ہے، اور خطرناک بات یہ ہے کہ اس وائرس میں ویکسین کے خلاف بھی کسی حد تک مزاحمت موجود ہے، اس نئے وائرس کو عارضی طور پر پبلک ہیلتھ انگلینڈ نے  B1.1.318 کا نام دیا ہے، اس کا پہلا مریض 15 فروری کو سامنے آیا، اور اب تک اس کے 16 مریض ریکارڈ کئے جاچکے ہیں، اس نئے وائرس کو برطانیہ میں پہلے سے موجود جنوبی افریقی اور برازیلین وائرس کی نئی شکل بھی قرار دیا جارہا ہے، اور نئی شکل میں یہ وائرس ویکسین کے خلاف بھی کسی حد تک مزاحمت کا حامل پایا گیا ہے، یہ اینٹی باڈیز کو چکمہ دے سکتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.