کرونا پابندیوں سے تنگ یورپی ملک کے شہری میلہ منانے سڑکوں پر آگئے

0

کوپن ہیگن: کرونا وائرس پر قابو پانے کے لئے ایک طرف حکومتیں لاک ڈاؤن جیسے سخت اقدامات پر مجبور ہیں، تو دوسری جانب اب ان پابندیوں سے شہری بھی اکتا گئے ہیں، ایسے میں ایک اور یورپی شہر میں سینکڑوں لوگ پابندیاں توڑ کر میلہ منانے نکل آئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق لاک ڈاؤن کے شکار یورپی ملک ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن میں پابندیوں کے خلاف مظاہرہ ہوا ہے، جس کے دوران مظاہرین نے آتش بازی بھی کی اور میلہ کا ماحول بنادیا، مظاہرین نے سیاہ لباس پہن رکھے تھے، اور وہ پابندیوں سے نجات کا مطالبہ کررہے تھے، پولیس نے مظاہرین کی تعداد 1200 سے زائد بتائی ہے، حکام کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کے خلاف مظاہرہ مجموعی طور پر پرامن رہا، تاہم اس دوران کچھ مظاہرین نے آتش بازی کا مظاہرہ کیا اور ہنگامہ کرنے کی کوشش کی، جس پر 8 مظاہرین کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

مظاہرین نے کوپن ہیگن کے ٹاؤن ہال تک مارچ کیا، اورا س کے بعد منتشر ہوگئے، واضح رہے کہ اس سے پہلے جنوری میں بھی ڈنمارک میں لاک ڈاؤن کے خلاف مظاہرہ ہوا تھا، جس میں 2 افراد کو پولیس نے گرفتار کرلیا تھا، ڈنمارک میں دسمبر سے سخت لاک ڈاؤن چل رہا ہے، لیکن پیر سے اس میں کچھ نرمی کی جارہی ہے، جس کے تحت  ڈینش عوام دکانوں پر جاسکیں گے، اور انہیں محدود سطح پر کھیلوں اور سماجی سرگرمیوں کی بھی اجازت  ہوگی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.