تارکین وطن کے ساتھ بڑا حادثہ، عالمی ادارہ مدد کیلئے متحرک

0

روم: یورپ آنے کی کوشش کرنے والے تارکین وطن کو ایک اور بڑا حادثہ پیش آگیا ہے، جس میں بڑا جانی نقصان ہوا ہے، امدادی آپریشن جاری ہے، اس سے قبل ہفتے کو 150 تارکین کو بحیرہ روم میں حادثہ پیش آیا تھا، تاہم جرمن این جی او نے بروقت کارروائی کرکے انہیں بچالیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق لیبیا سے یورپ آنے کی کوشش کرنے والے تارکین وطن کو بحیرہ روم میں ایک اور بڑا حادثہ  پیش آیا ہے،  عالمی ادارہ برائے مہاجرین نے بتایا ہے کہ  یورپ آنے والے تارکین کی کشتی بحیرہ روم میں حادثہ کا شکار ہوئی ہے، اطلاعات کے مطابق کشتی کا انجن بھی  پھٹ گیا، اور اس میں آگ لگ گئی، جس پر تارکین نے کشتی سے چھلانگیں لگانا  شروع کردیں، اس واقعہ میں 15 سے زائد تارکین وطن جان سے چلے گئے ہیں، جبکہ عالمی ادارہ نے لیبیا کے کوسٹ گارڈ کی مدد سے 95 تارکین کو بچالیا ہے، لیکن ان میں بھی بہت سے زخمی اور جل گئے ہیں۔

عالمی ادارہ کے ترجمان کے مطابق بدقسمتی کشتی کے سوار تارکین  لیبیا کے علاقے زاویہ سے جمعہ کو روانہ ہوئے تھے، جبکہ کشتی اتوار کی صبح ڈوبنے لگی، عالمی ادارہ بچ جانے والے تارکین کو طبی امداد  فراہم کرنے میں تعاون کررہا ہے، اور شدید زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، دوسری طرف لاشوں کی تلاش بھی جاری ہے، اس حادثہ سے قبل ہفتہ کے روز بھی 150 تارکین  کو بحیرہ روم میں حادثہ پیش آیا تھا، لیکن  جرمن این جی او سی واچ نے  لیبیا کی کوسٹ گارڈ کی مدد سے بروقت کارروائی کرکے انہیں بچالیا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.