روم: ماضی میں یورو کرنسی اور یورپی بلاک کو بحران سے نکالنے کی شہرت رکھنے والے اٹلی کے نامزد وزیراعظم ماریو دراغی نے سیاسی بحران میں بھی چھکا لگادیا، ایک دوسرے کی سخت حریف اطالوی سیاسی جماعتوں نے ان کی حمایت کردی ہے، جس کے بعد ان کے وزیراعظم منتخب ہونے میں کوئی رکاوٹ نہیں رہی۔
تفصیلات کے مطابق یورپی بینک کے سابق سربراہ اور نامزد اطالوی وزیراعظم ماریو دراغی نے سیاسی چھکا لگایا ہے، اور انہوں نے ایک دوسرے کی سخت حریف جماعتیں فائیو اسٹار موومنٹ اور لیگ پارٹی کے سربراہ ماتیو سالیونی کی حمایت حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کرلی ہے، گزشتہ روز دونوں جماعتوں کی قیادت سے ماریو دراغی نے ملاقاتیں کیں، جن میں انہیں قائل کرنے میں کامیاب ہوگئے، اور ان ملاقاتوں کے بعد دونوں جماعتوں نے ان کی حمایت کا اعلان کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ وہ آپس کے اختلافات ایک طرف رکھ کر ماریو دراغی کے ساتھ کام کرنے کیلئے تیار ہیں، اس کی ایک وجہ یہ بھی بتائی جارہی ہے کہ نئی حکومت کو یورپی یونین سے ملنے والے 200 ارب یورو کے فنڈز خرچ کرنے کا فیصلہ کرنا ہے، اور اس موقع پر کوئی جماعت فیصلہ سازی سے باہر نہیں رہنا چاہتی۔
یہ بھی پڑھیں:اٹلی میں حکومت کی حمایت کیلئے سالوینی نے سخت شرط رکھ دی
دونوں جماعتوں کی ہاں
ماریو دراغی سے ملاقات کے بعد پارلیمنٹ کی سب سے بڑی جماعت فائیو اسٹار موومنٹ کے سربراہ ویتو کرامی نے کہا کہ اگر نئی حکومت بنتی ہے، تو ہم اس کی حمایت کریں گے، انہوں نے کہا کہ ہمارے یورپی اتحادی ہماری طرف دیکھ رہے ہیں کہ اٹلی کس طرح ان فنڈز کو خرچ کرتا ہے، یہ فنڈز اٹلی کی ترقی کیلئے نئے راستے کھول سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فائیو اسٹار موومنٹ اس بات کو یقینی بنائے گی کہ یہ فنڈز شفاف طریقے سے اور عوام کی فلاح پر خرچ ہوں، تاہم اس موقع پر انہوں نے جوسپے کونتے حکومت گرانے والے رہنما اور ویوا پارٹی کے سربراہ میتیو رینز ی کو بھی یاد رکھا، اور ان کا نام لئے بغیر کہا کہ کچھ سیاسی قوتوں نے اس نازک موڑ پر جو طرز عمل اختیار کیا، وہ ہم کبھی نہیں بھولیں گے۔
دوسری طرف سب سے بڑی تبدیلی لیگ پارٹی کے سربراہ اور تارکین وطن مخالف رہنما میتیو سالوینی میں آئی، جنہوں نے بغیر کسی شرط کے ماریو دراغی کی حمایت کا اعلان کیا ہے، ان کا بھی کہنا تھا کہ وہ یورپی فنڈز خرچ کرنے کے موقع پر فیصلوں میں شریک رہنا چاہتے ہیں، تاکہ یہ اطالوی عوام کی فلاح پر خرچ ہوں۔ خیال رہے کہ اس سے قبل انہوں نے شرط رکھی تھی کہ نامزد وزیراعظم کو انتخاب کرنا ہوگا کہ وہ ہماری حمایت چاہتے ہیں، یا فائیو اسٹار موومنٹ کی۔