جرمنی میں برفانی طوفان سے صورتحال خراب، شہری پھنس گئے، حکام کی اہم ہدایت

0

برلن: جرمنی برفانی طوفان کی لپیٹ میں آگیا، شمالی اور مشرقی علاقے زیادہ متاثر ہیں،  ٹرینیں منسوخ کرنی پڑگئیں، جبکہ سڑکوں پر بڑی تعداد میں حادثات پیش آئے ہیں، جن کی زد میں شہری آئے، حکام نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

تفصیلات کے مطابق کرونا کے باعث لاک ڈاؤن کا شکار جرمنی  میں برفانی طوفان بھی آگیا ہے، اور تیز برفانی ہوائیں چل رہی ہیں، جس سے بالخصوص شمالی اور مشرقی علاقے زیادہ متاثر ہوئے ہیں، برفانی طوفان کے سبب بعض ٹرینوں کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی سروس کو الرٹ کردیا گیا ہے، اور وہ متاثرین کو مدد فراہم کررہی ہے۔ دارالحکومت برلن میں شدید سردی کے پیش نظر بے گھر افراد کے لیے خصوصی شیلٹر کھول دیے گئے ہیں۔ حکام اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کررہے ہیں کہ کوئی بے گھر شیلٹر ہوم سے باہر نہ رہ جائے، کیوں کہ ایسی صورت میں شدید سردی میں اس کی جان کو خطرہ ہوسکتا ہے۔

جرمن ٹرین آپریٹر کا کہنا ہے کہ ہیمبرگ، ہینوور برلن اور ویسٹ کے درمیان  ٹرین سروس معطل کردی گئی ہے، اسی طرح مشرقی علاقوں میں بھی کچھ ٹرینیں معطل کی گئی ہیں، مینسٹر لینڈ اور مشرقی  ویسٹ فالیا میں پولیس نے ٹرکوں کو ہائی وے پر جانے سے روک دیا، جبکہ ریاست ہیسی میں 55 ٹرک برف میں پھنس ہوگئے۔ مغربی شہر میونسٹر میں سڑکوں پر اتنی برف پڑچکی ہے، کہ وہاں ایمبولینس چلانا بھی ممکن نہیں رہا، حکام کے مطابق یہاں 12 انچ بڑف پڑچکی ہے، جبکہ برف کا سلسلہ جاری ہے۔

ایک اور مغربی شہر  Wuppertal میں برفباری کے باعث ٹریک بھی برف سے مکمل ڈھک گیا، جس کے نتیجے میں ٹرین کے لئے بھی چلنا ممکن نہ رہا، اور یہاں  پھنسی ہوئی ٹرین سے  امدادی اداروں نے مسافروں کو ریسکیو کیا ہے، لوئر سیکسنی اور نارتھ رائن ویسٹ فیلیا صوبہ میں شدید برفباری اور بارش کے باعث ریل اور ٹریفک کا نظام  معطل ہے۔ جبکہ دریائے رائن میں  بھی سیلاب کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ دونوں ریاستوں میں ہفتہ سے لے کر اتوار تک 222 روڈ حادثات ریکارڈ کئے گئے ہیں، جن میں 28 افراد زخمی ہوئے، گوئٹنگن، ہنیوور، اوسنا بروک میں شدید برفباری ہورہی ہے، اور کئی سڑکیں اور ریلوے ٹریکس بھی بند ہونے کا خدشہ ہے۔

جرمن حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بلا ضرورت سفر سے گریز کریں۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ  آئندہ ہفتے کے دوران جرمنی کے متعدد علاقوں میں شدید برفباری اور تیز ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری رہے گا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.