اٹلی میں حکومت کی حمایت کیلئے سالوینی نے سخت شرط رکھ دی

0

روم: تارکین وطن مخالف اطالوی رہنما میتیو سالوینی نے نامزد وزیراعظم ماریو دراغی کے ساتھ ملاقات سے قبل ہی شرائط بتادی ہیں، جبکہ ان کی اتحادی جماعت نے بھی ماریو سے ملاقات میں انہیں کورا جواب دے دیا ہے، نامزد وزیراعظم کیلئے اب فائیو اسٹار موومنٹ کو منانا اہم ہوگیا، جس کے بغیر ان کی حکومت بننا مشکل ہوسکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی کے نامزد وزیراعظم ماریو دراغی نے حمایت کے لئے سیاسی جماعتوں سے ملاقاتیں شروع کردی ہیں، لیکن ان کی سب سے اہم ملاقاتیں آج ہونی ہیں، جن میں وہ فائیو اسٹار موومنٹ اور لیگ پارٹی کی قیادت سے ملیں گے، تاہم لیگ پارٹی کے سربراہ سالوینی نے ملاقات سے قبل ہی یہ واضح کردیا ہے کہ ماریو دراغی نے ٹیکسوں سے متعلق فائیو اسٹار موومنٹ کا مطالبہ تسلیم  کیا تو وہ ان کی حمایت نہیں کریں گے، انہوں نے کہا کہ نامزد وزیراعظم کو اب یہ انتخاب کرنا ہے کہ وہ ہماری حمایت چاہتے ہیں، یا فائیو اسٹار موومنٹ کی، فائیو اسٹار موومنٹ کے بانی Beppe Grillo نے بہت زیادہ امیر افراد پر دولت ٹیکس نافذ کرنے کا مطالبہ پیش  کیا ہے، جبکہ سالوینی پہلے سے موجود ٹیکسوں میں بھی کمی چاہتے ہیں۔

سالوینی کا کہنا تھا کہ دیگر جماعتوں کے برعکس لیگ پارٹی  اپنے فیصلے کرنے میں آزاد ہے، ہمیں کوئی مجبور نہیں کرسکتا، مبصرین کے مطابق ان کا اشارہ اپنے اتحادی سابق وزیراعظم برلسکونی کی جانب سے نامزد وزیراعظم کی حمایت کی طرف تھا، البتہ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ دائیں بازو کی جماعتوں کا اتحاد اہم ہے، اور ہم 20 میں سے 14 ریجنز میں حکومت کررہے ہیں۔

سالوینی کے ساتھ دائیں بازو کے اتحاد میں شامل ایک اور جماعت ایف ڈی آئی کی سربراہ جارجیا میلونی سے بھی جمعہ کو نامزد وزیراعظم نے ملاقات کی اور انہیں حمایت کے لئے قائل کرنے کی کوشش کی، تاہم میلونی نے انہیں صاف جواب دے دیا ہے، اور کہا ہے کہ وہ نئے الیکشن چاہتی ہیں، تاہم اس اتحاد میں شامل برلسکونی کی جماعت فروزا پارٹی نے جمعہ کو نئے وزیر اعظم کی حمایت کا باضابطہ اعلان کردیا ہے، برلسکونی کے نائب انتونیو تجانی نے ماریو دراغی سے ملاقات کے بعد کہا ہے کہ ان کی جماعت نامزد وزیراعظم کے ساتھ ہے، اور ایک وسیع البنیاد حکومت کی حمایت کرتے ہیں۔ اسی طرح ماریو دراغی سے  جمعہ کو ملاقاتوں کے دوران پی ڈی، میتیو رینزی کی جماعت ویوا پارٹی اور لیو گروپ نے بھی ان کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ خیال رہے کہ مستعفی ہونے والے اطالوی وزیراعظم جوزپے کونتے نے بھی ماریو دراغی کی حمایت کا اعلان کیا ہے، تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ٹیکنو کریٹ کے بجائے سیاسی حکومت قائم کی جائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.