’’سپر ماریو‘‘ نئے اطالوی وزیراعظم نامزد، یورپی مارکیٹوں میں تیزی آگئی

0

روم: اٹلی میں ٹیکنو کریٹ حکومت بننے کی راہ ہموار ہوگئی، یورپی بینک کے سابق سربراہ ماریو دراغی نے صدر کی جانب سے حکومت سازی کی دعوت قبول کرلی ہے، اس فیصلے سے اٹلی اور یورپی اسٹاک مارکیٹوں میں تیزی دیکھی گئی ہے، نئے نامزد وزیراعظم کو یورپ میں ’’سپر ماریو‘‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی میں ایک بار پھر ٹیکنو کریٹ حکومت بننے جارہی ہے، ویوا پارٹی کے سربراہ میتیو رینزی کی جانب سے یورپی فنڈز خرچ  کرنے کے معاملے پر وزیراعظم جوسپے کونتے سے شروع ہونے والا اختلاف حکومت کے خاتمے کا سبب بنا تھا، تاہم اس کے بعد بھی اطالوی صدر کی کوشش تھی کہ جوسپے کونتے کو برقرار رکھا جائے، اور انہوں نے اسیپکر رابرٹ فیکو کو سیاسی جماعتوں سے بات چیت کا ٹاسک دیا تھا، لیکن منگل کو وہ بھی ناکام ہوگئے، اور رینزی کی شرائط کے سبب سیاسی حکومت اور جوسپے کونتے کی واپسی کا راستہ بند ہوگیا۔

جس کے بعد بدھ کو صدر سرجیو مترالے نے یورپی بینک کے سابق سربراہ ماریو دراغی سے ملاقات میں انہیں حکومت بنانے کی دعوت دی، جو انہوں نے قبول کرلی، ماریو دراغی کو فوری طور پر سابقہ حکومتی اتحاد میں شامل جماعت پی ڈی کی حمایت مل گئی ہے، پی ڈی کی سربراہ نکولا زنگراتی کا کہنا ہے کہ ماریو دراغی ملک کو موجودہ صورتحال سے نکالنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں، جوسپے کونتے سے ناراض ویوا پارٹی کے میتیو رینزی نے بھی ان کے انتخاب پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے حمایت کا اعلان کیا ہے۔ پارلیمنٹ کی سب سے بڑی جماعت فائیو اسٹار موومنٹ کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ فائیو اسٹار ان کی حمایت نہیں کرے گی، لیکن ان کی کمی  سابق وزیراعظم برلسکونی کی فروزا پارٹی پوری کرسکتی ہے، برلسکونی کی جماعت نے ماریو دراغی کی حمایت کا واضح اشارہ دیا ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم نامزد ہونے کے بعد ارکان پارلیمنٹ، سیاسی جماعتوں اور سماجی حلقوں کو مخاطب کرتے ہوئے ماریو دراغی نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز مل کر کام کرنے کے متقاضی ہیں، انہوں نے کہا کہ اگر وہ وزیراعظم منتخب ہوجاتے ہیں، تو ان کی ترجیح وبا پر کنٹرول، ویکسین مہم مکمل  کرنا اور عوام کو روز مرہ زندگی میں درپیش مسائل کا حل ہوگا۔

سپرماریو کیوں کہا جاتاہے؟

نامزد اطالوی وزیراعظم ماریو دراغی کو یورپ میں ’’سپر ماریو‘‘ کے نام سے جانا جاتا ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ 2010 میں جب وہ یورپی بینک کے سربراہ تھے، تو انہوں نے یورو کرنسی اور خطے کو بحران سے نکالنے میں اہم کردار ادا کیا تھا، یہی وجہ ہے کہ بدھ کو ان کی جانب سے وزارت عظمیٰ قبول کرنے کے اعلان کے اثرات نہ صرف اطالوی مارکیٹوں پر نظر آئے، بلکہ یورپی اسٹاک مارکیٹوں میں بھی تیزی دیکھی گئی، میلان مارکیٹ میں 2 فیصد سے زائد اضافہ دیکھا گیا، ماریو دراغی کے وزیراعظم بننے کی صورت میں اطالوی معیشت کے بحران سے نکلنے کی امید ظاہر کی جارہی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.