اٹلی: پانی کے شہر کو پانی سے بچانے کا منصوبہ کامیاب

0

وینس: دنیا بھر میں پانی کے شہر کی شہرت رکھنے والے اٹلی کے شہر وینس کو پانی سے بچانے کا تجربہ کامیاب ہوگیا، ہفتہ اور اتوار کو ہونے والی شدید بارش اور اونچی لہروں کے باوجود وینس محفوظ رہا اور وہاں کاروبار معمول کے مطابق چلتا رہا،وینس کے شہری اسے اپنے لئے خوشگوار تجربہ قرار دے رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز علاقے میں شدید بارشوں کے بعدوینس میں پانی کی سطح 135 سینٹی میٹر بلند ہونے کی پیشگوئی کی گئی تھی، جس کا مطلب تھا کہ آدھا وینس ڈوب جاتا، اس بار بھی شہر میں حکام نے احتیاطاً سائرن تو بجائے، لیکن پانی کناروں سے ابل کر باہر نہیں آسکا، جی ہاں کیوں کہ شہر میں لگائے گئے فلڈ گیٹس کامیابی سے اپنا کام کرگئے، یہ ان فلڈ گیٹس کی پہلی آزمائش تھی، اس سے پہلےجولائی میں جب وزیراعظم جوسپے کونتے نے ان کا افتتاح کیا تھا، اس وقت بھی انہیں اٹھایا گیا تھا، لیکن اس وقت یہ افتتاحی تقریب کیلئے کیا گیا تھا، اس وقت 78 گیٹوں میں سے کچھ اوپر اٹھ نہیں سکے تھے، تاہم  ہفتہ 3 اکتوبر کو یہ بیرئیز پہلی آزمائش میں کامیاب ہوگئے۔

شہریوں نے بھی اس پر خوشگوار حیرت کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے 90 سینٹی میٹر اونچی لہروں پر بھی وینس کے مرکز سینٹ مارکس اسکوائر میں پانی داخل ہوجاتا ہے، لیکن اس بارایسا نہیں ہوا، وہاں معمول کے مطابق ہوٹل، کیفے سب کچھ کھلا ہوا تھا۔

منصوبہ کیا ہےَ

وینس کو سیلاب سے بچانے کے لئے 7 ارب یورو سے زائد خرچ ہوئے ہیں، منصوبے کے تحت موبائل گیٹ لگائے گئے ہیں، جو سیلابی کیفیت پیدا ہونے کی صورت میں سمندر کے پانی کا شہر میں داخلہ روکنے کا کام کرتے ہیں، اس منصوبے کو شہر کی بقا کا منصوبہ بھی کہا جاتا ہے، ورنہ ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے وینس کے لئے خطرات بڑھ گئے تھے، حتیٰ کہ یونیسکو نے 2016 میں وینس کے لئے کہا تھا کہ یہ شہر سمندر کی بلند ہوتی سطح کی وجہ سے خطرے میں ہے، اور یہاں موجود قدیم ورثہ ختم ہوسکتا ہے، شہر میں موجود میوزیمز کو بھی پانی کی بلند ہوتی سطح کی وجہ سے احتیاطی اقدامات اٹھانے پڑرہے تھے، تاہم اب ان فلڈ گیٹس نے سارا منظر نامہ تبدیل کردیا ہے، اور شہر کو کافی حد تک سمندر کی بلند ہوتی سطح سے محفوظ کردیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.