اسلامی تشخص کیخلاف سازشیں ناکام، ففتھ جنریشن وار بھی جیتیں گے، آرمی چیف

0

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہےکہ مملکت ِ پاکستان اور عظیم پاکستانی قوم ایک علیحدہ اسلامی تشخص کے نظریے کی علمبردار ہے،اسی وجہ سے دشمن ہمارے خلاف سازشوں کا جال بنتے آئے ہیں ، لیکن اللہ کے فضل سے افواجِ پاکستان اور قوم نے جذبہ ایمانی سے سر شار ہو کر ان کی ہر چال کو ناکام بنایا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق یوم دفاع کے موقع پر جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں فوجی اعزازات دینے کی تقریب ہوئی جس کےمہمان خصوصی آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ تھے۔

تقریب میں شہداکے اہل خانہ، غازیوں اور حاضر سروس افسران  نے شرکت کی،آرمی چیف نے جرات کامظاہرہ کرنے والے جوانوں کو اعزازات سے نوازا، 40 افسروں کو ستارہ امتیاز ملٹری اور 24 افسروں اور جوانوں کو تمغہ بسالت سے نوازاگیاجب کہ ایک جوان کو یونائیٹڈ نیشن میڈل سے نوازا گیا،شہدا کے اعزازات ان کے اہل خانہ نے وصول کیے۔

چھ ستمبر کا دِن ہماری تاریخ کا ایک لازوال باب ہے

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ  چھ ستمبر1965ء کا دِن ہماری تاریخ کا ایک لازوال باب ہے،یہ وہ دن ہے جب قوم کی یکجہتی، وطن سے محبت، قربانی اور بہادری کی بے شمار داستانیں رقم ہوئیں،پاکستانی قوم کے لیے چھ ستمبر صرف ایک دن نہیں بلکہ ہمارے حوصلے کی پہچان بھی ہے،یہ دِن1948، 1965، 1971، کارگل کی جنگ اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے شہیدوں کی یاد میں منایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم نے کل بھی اپنے سے کئی گنا بڑے دُشمن کو شکست دی تھی اور آج بھی دُشمن کے ناپاک عزائم کو شکست دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں،آج بھی ہم اپنی آزادی کی حفاظت اپنے خون سے کر رہے ہیں،اسی لیے آج ہم اپنے شہداء اور غازیو ں کے عظیم کارناموں کو یاد کرنے اور ان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے یہاں موجود ہیں،اُن کی جرات، بہادری اور قربانیوں کی بدولت ہماری آزادی، خود مختاری، امن و سلامتی قائم ہے۔

ہمارے شہید ہمارے ہیرو ہیں،ان کی قربانی کو کبھی نہیں بھولیں گے

میرے سامنے شہدا ء کے اہلِ خانہ موجود ہیں،میں اُنھیں سلام پیش کرتا ہوں،میں اُنھیں یقین دلاتا ہوں کہ ہم اُن کے پیاروں کی قربانی کو کبھی نہیں بھولیں گے،ہمارے شہید ہمارے ہیرو ہیں اور جو قومیں اپنے ہیرو کو بھول جاتی ہیں وہ قومیں مِٹ جایا کرتی ہیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ  میں آپ کے جذبہ ئ ایثار کو سلام پیش کر تا ہوں اور یقین دلاتا ہوں کہ ہم ہر قدم پے آپ کے ساتھ ہیں اور رہیں گے،پوری قوم آپ کے صبر اور قربانی کی مقروض ہے، جس طرح شہداء پوری قوم کا فخر ہیں، اسی طرح آپ بھی ہمارا فخر ہیں۔

پاکستانی قوم ایک علیحدہ اسلامی تشخص کے نظریے کی علمبردار ہے

مملکت ِ پاکستان اور عظیم پاکستانی قوم ایک علیحدہ اسلامی تشخص کے نظریے کی علمبردار ہے، اسی بنیاد پے ہم نے آزادی حاصل کی اور یہی ہمارے آج اور کل کی پہچان ہے،ہمارے دشمن اس شناخت کو مٹانے کے لیے لگاتار سازشوں کا جا ل بُنتے آئے ہیں لیکن الحمداللہ افواجِ پاکستان اور قوم نے جذبہئ ایمانی سے سر شار ہو کر ان کی ہر چال کو ناکام بنایا۔

انہوں نے کہا کہ وطن کی آزادی اور سلامتی ہمارا نصب العین ہے،اس مشعل کو ہمارے اسلاف نے اپنے خون سے جلائے رکھا ہے اور ہم بھی اسے روشن رکھنے کے لیے پُر عزم ہیں۔

پاک فوج کی کمان کرنا میرے لئے بڑا اعزاز ہے

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج جیسی دلیر اور بہادر سپاہ کی کمان کرنا میرے لئے بہت بڑا اعزاز ہے،ہمارا ہر آفیسر اور جوان اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، اعلی نظم و ضبط اور ایثار کی بدولت ایک ایسی فوج کی نمائندگی کرتا ہے، جس کی صلاحیتوں کو دنیا نے تسلیم کیا ہے،سرحدوں کے محاذ ہوں یا دہشت گردی، قدرتی آفات کا سامنا ہو یا تعمیرِوطن کے فرائض، پاک افواج اپنی قوم کی حفاظت اورخدمت کو ایک انتہائی مقدس فریضہ سمجھ کر انجام دیتی ہیں۔

پاکستانی قوم سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے، کوئی دشمن ہماری اس محبت کو شکست نہیں دے سکتا،اسی طرح  پاکستانی قوم کی پاکستان افواج سے محبت لازوال ہے،ان کا اعتماد غیر متزلزل ہے،میں ان تمام جذبوں کو سلام کرتا ہوں۔

ہم پر 5th جنریشن وار مسلط کی گئی ہے جس کا مقصد ملک اور افواجِ پاکستان کو بدنام کرکے انتشار پھیلانا ہے

آرمی چیف نے کہا کہ اس موقع کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے میں آپ کی توجہ ایک اور چیلنج کی طرف مبزول کرانا چاہتا ہوں اور یہ چیلنج 5thجنریشن یا ہائبرڈ وار کی صورت میں ہم پر مسلط کی گئی ہے، اس کا مقصد ملک اور افواجِ پاکستان کو بد نام کرکے انتشار پھیلانا ہے، ہم اس خطرے سے بخوبی آگاہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قوم کے تعاون سے اس جنگ کو جیتنے میں بھی ہم انشا اللہ ضرور کامیاب رہیں گے، گزشتہ بیس سالوں میں ہم بڑی آزمائش سے گزرے ہیں،مشرقی و مغربی سرحدوں پر حالتِ جنگ کا سامنا رہا، زلزلے اور سیلاب جیسی آزمائشیں بھی درپیش رہیں، دہشت گردی اور شدت  گردی کے خلاف ہم نے اعصاب شکن جنگ لڑی، ہزاروں  افراد کی قربانی دی اور  لاکھوں دربدر ہوئے۔

بحیثیت قوم ہمیں اس کے لئے جدوجہد کرنا ہوگی،اتحاد، ایمان اور تنظیم کے اصولوں کو اپنانا ہوگا اور اپنے قائد کے فرمان  کام، کام اور بس کام کو اپنانا ہوگا۔

ہندوستان کا رویہ غیرذمہ دارانہ ہے

افواج ِپاکستان نے اقوامِ متحدہ کی امن فوج کا حصہ بن کردنیا کے مختلف علاقوں میں قیام ِامن کے لئے  بہت سی قربانیاں دی ہیں، جس کی دنیا معترف ہے، ہم پوری دنیا اوربالخصوص اپنے خطے میں امن کے خواہاں ہیں، افغانستان میں قیام امن کی کوششوں میں پاکستان کا کلیدی کردار اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

ہمارے ہمسایہ ملک ہندوستان نے ہمیشہ کی طرح ایک غیرذمہ دارانہ رویہ اختیار کر رکھا ہے، خاص طور پر مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کے غیرقانونی اقدام کے بعد خطے کے امن کو ایک مرتبہ پھر شدید خطرات  سے دوچار کردیا ہے،اس میں کوئی شک نہیں کہ جموں و کشمیر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ مسئلہ ہے، اس حوالے سے ہم کسی بھی یکطرفہ فیصلے کوتسلیم نہیں کرتے۔

بانی پاکستان کے قول کا ہر لفظ ہمارے  لئے اہم اور ایمان کا حصہ ہے

انہوں نے کہا کہ بانی ءِ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قراردیا تھا،میں واضح کردینا چاہتا ہوں کہ ان کے اس قول کا ہر لفظ ہمارے  لئے اہم اور ایمان کا حصہ ہے،اس   حوالے سے ہم کسی لچک کا مظاہرہ نہیں کریں گے،ہمیں نہ تو نئے حاصل شدہ اسلحے کے انبار سے مرعوب کیا جا سکتا ہے اور   نہ ہی ہم پے کوئی دھمکی اثرانداز ہوسکتی ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ افواج پاکستان پوری قوت سے لیس، چوکنا اور باخبر ہیں،اور انشاء اللہ،دشمن کی کسی بھی حرکت کا فوری اور پوری قوت سے جواب دینے کے لیے تیار ہیں،وقت ہمیں کئی بار آزما چکا،ہم ہر بار سرخرو ہوئے ہیں،پاکستان ایک زندہ حقیقت ہے،ہمارا خون، ہمارا جذبہ، ہمارا عمل ہر محاذ پر اس کی گواہی دے گا۔

انہوں نے کہا کہ میں آج کے دن کی مناسبت سے اپنی قوم اور دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، لیکن اگر ہم پر جنگ تھوپی گئی تو ہم اینٹ کا جواب پتھر سے دینگے، جس کا مظاہرہ ہم نے بالاکوٹ کے ناکام حملے کے جواب میں دیا،اس لیے دُشمن کو کوئی شک نہ ہو۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.