اسلام آباد: پاک بحریہ نے 55 واں یومِ دفاع عقیدت اور جوش و جذبے سے منایا، یہ دن ہماری مسلح افواج، شہداء، غازیوں اور قومی ہیروز کی عظیم قربانیوں کی یادمیں منایا جاتا ہے جوکہ 1965ء کی پاک بھارت جنگ میں دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے رہے۔
ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنر (نیوی)کے مطابق دن کا آغاز بحریہ کی تمام مساجد میں خصوصی عبادات سے ہوا جس میں ملکی سالمیت اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں،1965ء کی جنگ کے شہداء کے ایصال ِثواب کے لیے قرآن خوانی کی گئی۔
چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں یادگار شہداء پر پھول چڑھائے، شہداء کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور فاتحہ خوانی کی،مختلف فیلڈ کمانڈ ہیڈکوارٹرز میں بھی شہداء کی یادگاروں پر پھول چڑھائے گئے اور فاتحہ خوانی کی گئی۔
چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جو دشمن کی عددی برتری کے باوجود ثابت قدم رہے اور اُنھوں نے دشمن کے ناپاک عزائم کو تحمل، ہمت اور غیرت مندی سے خاک میں ملادیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم یہ دن اپنے بہادر اور جری سپاہیوں، سیلرز اور ائیر مین کی قربانیوں کی یاد میں عقیدت و احترام سے مناتی ہے جنھوں نے اپنے وطن کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی بخوبی حفاظت کی، پاک بحریہ کثیرالجہتی بحری خطرات سے نبردآزما ہونے اور دشمن کی سازشوں کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے ہر طرح سے تیار ہے۔
امیر البحر نے کہا کہ ہمت، عزم، قربانی اور قومی سالمیت کا مظہر، یہ دن تقاضہ کرتا ہے کہ بیغرض ہو کر ملک کے لیے کام کیا جائے، قائد کے عظیم اصولوں پر کار بند رہا جائے اور اللہ تعالیٰ پر کامل یقین رکھا جائے۔