کراچی میں زیادہ علاقے سیل ہونے پر پولیس کم پڑنے لگی

0

کراچی: شہر قائد میں کورونا سے زیادہ متاثرہ علاقوں کی تعداد بڑھنے پر انہیں مکمل سیل کرنا پولیس حکام کیلئے امتحان بن گیا، نفری کی کمی آڑے آنے لگی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اگر بات صرف اسمارٹ لاک ڈاؤن والے علاقوں کی ہو، تو پولیس نفری کے ذریعہ انہیں سیل کیا جاسکتا ہے، لیکن اس وقت شہر میں   ویسے بھی شام 7 بجے لاک ڈاؤن کروانا  ہوتا ہے، جبکہ ریستوران اور دودھ کی دکانوں سمیت کچھ شعبوں کو رات 11 بجے تک کھولنے کی اجازت ہے اور رات 11 بجے ان علاقوں میں بھی پولیس کو گشت پر بھیجا جاتا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ان حالات میں پولیس شدید دباؤ کا شکار ہے، اور اہلکاروں سے مسلسل اضافی ڈیوٹی لی جارہی ہے، جس سے ان کیلئے بھی صحت کے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔

اس حوالے سے ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے بھی تسلیم کیا ہے کہ کافی زیادہ تعداد میں یونین کونسلز کو سیل کرنے کے احکامات  ملے ہیں، جس سے پولیس کو نفری کے مسائل کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن یقینی بنانے کیلئے زیادہ سے زیادہ نفری لگائی جائے، تاہم  شہریوں کو بھی اس حوالے سے پولیس سے تعاون کرنا چاہئے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.