کورونا کے وار جاری، مزید 2 رکن اسمبلی انتقال کرگئے، تعداد 3 ہوگئی

0

لاہور:مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی شوکت منظور چیمہ اور تحریک انصاف کے رکن کے پی اسمبلی میاں جمشید الدین کاکا خیل کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے، جس کے بعد گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے مرنے والے رکن اسمبلی کی تعداد 3 ہوگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی شوکت منظور چیمہ کا کورونا ٹیسٹ مچبت آیا تھا وہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ (پی کے ایل آئی) میں زیر علاج تھے، کورونا وائرس کے باعث ان کی طبعیت بگڑ چکی تھی جس پر انہیں سات روز قبل وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا تھا تاہم ان کی طبیعت سنبھل نہ سکی اور وہ آج انتقال کرگئے

ڈاکٹرز کے مطابق مرحوم ایم پی اے شوکت منظور چیمہ دل کے شدید عارضے میں بھی مبتلا تھے۔

واضح رہے کہ شوکت منظور چیمہ پی پی 51 وزیر آباد سے مسلم لیگ (ن) کی ٹکٹ پر مسلسل تیسری مرتبہ رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا اسمبلی میں حکومتی رکن میاں جمشید الدین کاکاخیل بھی کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے ہیں،میاں جمشید کا گزشتہ دنوں کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھااور انھیں علاج کے لیے اسلام آباد منتقل کیا گیا جہاں وہ رات گئےانتقال کرگئے۔

میاں جمشید الدین حلقہ پی کے 63 نوشہرہ سے تحریک انصاف کے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے وہ تحریک انصاف کی گزشتہ دور حکومت میں محکمہ ایکسائز کے وزیر رہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز سندھ کے وزیر کچی آبادی غلام مرتضیٰ بلوچ بھی کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے تھے، وہ سندھ اسمبلی کے حلقہ 88 ملیر 2 سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.