سرحدی کشیدگی، چین کا بھارت میں موجود اپنے شہریوں کو نکالنے کا فیصلہ

0

بھارت اور چین کے درمیان جاری سرحدی کشیدگی کے باعث چین نے بھارت میں موجود اپنے شہریوں کو نکالنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارت میں موجود چینی سیاحوں ،طلبا اور کاروباری شخصیات کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر سفارتخانے میں خود کو واپسی کیلئے رجسٹر ڈ کرائیں تا کہ ان کی واپسی کے انتظامات کئے جاسکیں۔

چین کی جانب سے کاروباری شخصیات کو بھی بھارت سے نکالنے کے اعلان کو اہم قرار دیا جارہا ہے۔

چینی حکام نے اس فیصلے کی وجہ بھارت میں بڑھتے کرونا کیس قرار دیا ہے، تاہم اس فیصلے کو لداخ میں دونوں ملکوں کی افواج کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں دیکھا جارہا ہے۔

بھارت وہ پہلا ملک ہے جہاں سے چینی شہریوں کے انخلا کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ کرونا سے شدید متاثرہ امریکہ اور یورپی ممالک سے چین نے شہری واپس نہیں بلائے۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ چینی فیصلے کا پس منظر سرحدی کشیدگی ہے تاہم عالمی تنقید سے بچنے کیلئے کرونا کا جواز پیش کیا گیا ہے۔

اس فیصلے کے ذریعہ چین نے مودی سرکار کو پیغام دیا ہے کہ وہ لداخ میں بڑی کارروائی کرسکتا ہے۔

نئی دہلی میں جہاں پہلے ہی لداخ میں چین کی پیشقدمی پر بے چینی پائی جارہی ہے۔ بیجنگ کے تازہ اعلان سے پریشانی مزید بڑھ گئی ہے۔

بھارتی حکام امریکہ، جاپان سمیت اپنے اتحادیوں سے رابطے کر رہے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.