ارطغرل غازی کے مزید اداکاروں کا پاکستان آنے کا اعلان

0

سلطنت عثمانیہ کی بنیاد رکھنے والے عثمان غازی کے والد پر بنی مشہور ترک ڈرامہ سیریز ارطغرل غازی میں حلیمہ سلطان کا کردار ادا کرنے والی اسرا بیلجک کے بعد اب مزید دو کردار دوآن بے اور اصلحان خاتون نے بھی جلد پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔

ارطغرل غازی میں کے ارطغرل کے دوست دوآن بے(روشان) کا کردار ادا کرنے والے جاوید چیتن گونر نے نجی ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ڈرامہ سیریز پاکستان میں بے حد مقبول ہورہی ہے، ارطغرل غازی کی پاکستان میں پذیرائی پر بہت خوش ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کی جانب سے ملنے والے پیار پر ارطغرل غازی کی پوری ٹیم آپ کی مشکور ہے۔

جاوید چیتن نے کہا کہ میرے والدین نے مجھے سکھایا ہے کہ پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے، وہ بہت جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔

دوسری جانب ارطغرل غازی کے سیزن 3 میں اصلاحان خاتوم کا کردار ادا کرنے والی کلثوم علی نے اپنے انسٹاگرام اکاٶنٹ پر تصویر شیئر کرتے ہوئے پاکستانی مداحوں کیلئے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے محبت بھرے پیغامات اور کمنٹس کا بے حد شکریہ، آپ کی جانب سے تعریفوں نے مجھے بے حد خوش کیا ہے۔

کلثوم علی نے پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے لکھا کہ ’مجھے کبھی پاکستان آنے کا موقع نہیں ملا لیکن اِس وبا کے ختم ہونے کے بعد میں پاکستان ضرور آؤں گی اور اپنے مداحوں سے ملاقات کروں گی۔‘

اداکارہ نے مزید لکھا کہ ’تب تک کے لیے آپ سب اپنا خیال رکھیں اور استنبول سے آپ سب کے لیے بہت ساری نیک تمنائیں۔‘

آخر میں اُنہوں نے پاکستان، پاکستان جیوے پاکستان بھی لکھا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل ’ارطغرل غازی‘ میں حلیمہ سلطان کا مرکزی کردار اداکرنے والی 28 سالہ اسراء بلجیک نے بھی پاکستانی مداحوں کے محبت بھرے پیغامات کے جواب میں پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

اُنہوں نے لکھا تھا کہ ’وہ جلد ہی پاکستان کا دورہ کریں گی اوراپنے مداحوں سے ملاقات کریں گی۔‘

واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر سرکاری ٹی وی چینل پر یکم رمضان سے اُردو زبان میں نشر کی جانے والی ترک سیریز ’ارطغرل غازی‘ نے پاکستانیوں پر اپنے سحر میں جکڑا ہوا ہے۔

پاکستانیوں کی جانب سے اس کو بے حد پسند کیا جارہا ہے، اور سیریل کے تمام کرداروں کو ان کے سوشل میڈیا اکاٶنٹس پر محبت بھرے پیغامات بھیجے جارہے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.