کراچی: پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، اور یہ طویل عرصہ بعد ایک بڑی نفسیاتی حد پار کرگئے ہیں، زرمبادلہ ذخائر میں اضافے سے ڈالر کی قدر میں مزید کمی کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر میں ایک ہفتے کے دوران 19 فیصد اضافہ ہوا ہے، اور یہ 13 ارب 52 کروڑ ڈالر سے بڑھ کر 16 ارب 10 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئے ہیں، جبکہ ملک کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر 23 ارب 22 کروڑ ڈالر سے بھی بڑھ گئے ہیں، زرمبادلہ ذخائر میں ایک ہفتے کے دوران 2 ارب 57 کروڑ ڈالر سے زائد کا اضافہ ہوا ہے، جن میں سے ڈھائی ارب ڈالر یورو بانڈز کی فروخت سے حاصل ہوئے ہیں، جبکہ بقایا 7 کروڑ ڈالر کا اضافہ برآمدات اور ترسیلات کی مد میں ہوا ہے۔