کرونا مریضوں کیلئے ایک ہزار اضافی آکسیجن بستر تیار، سندھ کیلئے مزید وینٹی لیٹرز

0

اسلام آباد:پاکستان میں بڑھتے ہوئے کورونا مریضوں کے پیش نظر وفاقی حکومت نے ایک ہزار اضافی آکسیجن بستروں کے انتظام کا فیصلہ کیا ہے۔

ملک بھر میں آج پیر کے روز تک کورونا کے کل 67 ہزار 249 مریض موجود ہیں، جن میں سے صرف 5253 مریض اسپتالوں میں داخل ہیں جبکہ باقی مریضوں کی صورتحال بہتر ہونے پر وہ گھروں پر ہی آئسولیٹ ہیں۔

اگرچہ ملک میں کورونا کے حوالے سے صورتحال کنٹرول میں ہے اور زیادہ تر مریضوں کو اسپتالوں میں رکھنے کی ضرورت بھی محسوس نہیں کی جارہی، تاہم حکومت نے اگلے 2 ماہ کے دوران مریضوں کی تعداد میں اضافے کے خدشے کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید ایک ہزار آکسیجن بستروں کے فوری اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر منصوبے کی فاسٹ ٹریک منظوری کو یقینی بنائے گا، ان اضافی آکسیجن بستروں کے علاوہ سندھ کو مزید 50 وینٹی لیٹر بھی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کےبعد صوبے کو فراہم وینٹی لیٹرز کی تعداد 102 ہوجائے گی۔

اس سے قبل سندھ کو این ڈی ایم اے کے ذریعے 52 وینٹی لیٹر پہلے ہی فراہم کردئیے گئے ہیں۔

این سی او سی نے خیبر پختونخواہ کے اضلاع مردان ، نوشہرہ، صوابی اور پشاور کے اسپتالوں میں بستروں کی صلاحیت میں اضافہ کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.