اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے خبر دار کیا ہے کہ جولائی اگست میں کورونا وائرس عروج پرہوگا،عوام احتیاط کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ اس سے بچا جاسکے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کورونا سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں کورونا کے بڑھتے کیسز، ٹیسٹنگ صلاحیت اور اسمارٹ لاک ڈاؤن کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کورونا سے متعلق احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور تمام کاروبار اور اداروں کو جاری کردہ ضابطہ کار پر عمل درآمد کا پابند کیا جائے۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئےوزیراعظم نےکہاکہ کوروناوائرس نےپھیلناہےاس کو روک نہیں سکتے،لاک ڈاؤن سے کورونا ختم نہیں ہوتا بلکہ پھیلنے کی رفتار کم ہوجاتی ہے،عوام احتیاطی تدابیر پر عمل کریں گے تو کیسز تیزی سے نہیں بڑھیں گےاور اسپتالوں پربوجھ نہیں پڑےگا۔
انہوں نے کہا کہ اگر عوام احتیاط کرلیں تو پاکستان اس تباہی سے نہیں گزرے گا جو دیگر امیر ممالک پر آئی ہے، عوام نےکورونا وائرس کو سنجیدہ نہیں لیا تو ملک کو نقصان ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سےلوگ مشکل وقت سے گزر رہے ہیں،امیر ترین ممالک بھی لاک ڈاؤن کو زیادہ دیر تک برداشت نہیں کرسکے،کیونکہ وہاں بےروزگاری بڑھنے لگی تھی، جس کے باعث وہ بھی اپنے اپنے ممالک کو کھولنےکا فیصلہ کررہےہیں،امریکامیں کوروناسے ایک لاکھ سےزیادہ لوگ مرگئے تاہم وہاں بھی ایس او پیز کے ساتھ ملک کھول دیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ کورونا وائرس کا عروج جولائی کے آخر یا اگست میں ہوگا، لوگ ایس او پیز پر عمل کریں،انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ماسک ضرور پہنیں کیونکہ اس سے وبا کے پھیلاؤ کاخطرہ 50 فیصد کم ہوجاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس ماہ پورےملک میں آکسیجن سے لیس بیڈز دیے جائیں گے،اس سلسلے میں ‘پاک نگہبان ایپ’ لانچ کی ہے جس سے ملک میں دستیاب بیڈز کا پتا لگےگا۔