سنتھیا رچی نے پی پی رہنماٶں کے ساتھ تصاویر شیئر کردیں، ڈرائیور اہم گواہ قرار

0

اسلام آباد:امریکی خاتون بلاگر سنتھیا رچی نے پیپلز پارٹی رہنماٶں کی اپنے ساتھ تصاویر جاری کردی ہیں جبکہ رحمان ملک کو جھوٹ پکڑنے والی مشین پر ٹیسٹ دینے کا چیلنج کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سنتھارچی نے ایف آئی اے سے درخواست کی ہے کہ اس ڈرائیور کو تلاش کیا جائے، جس نے رحمن ملک کے سرکاری بنگلے سے اسے گھر منتقل کیا تھا، کیوں کہ وہ ڈرائیور رحمن ملک کیخلاف اہم گواہ ہے، اور وہ جانتا ہے کہ میرے ساتھ اس روز کیا ہوا تھا۔

خاتون صحافی مہرین زہرہ ملک نے بھی سنتھیا کی حمایت کرتے ہوئے ایف آئی اے سے کہا ہے کہ جس روز سنتھیا کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا، اس روز جو سیکورٹی عملہ رحمن ملک کے ساتھ تھا، اسے بھی تلاش کیا جائے، اور اس کیس میں وہ ڈرائیور اہم گواہ ہے جو سنتھیا کے مطابق اسے نیم بیہوشی کی حالت میں گھر چھوڑ کر آیا تھا۔

سنتھیا کا کہنا ہے کہ اس وقت ان کی ساری توجہ رحمن ملک کیخلاف فوجداری مقدمہ شروع کرنے اور دھمکیاں دینے والے پی پی پی رہنماٶں کیخلاف کارروائی پر ہے، میں نے تمام شواہد جمع کرلئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیا رحمان ملک جھوٹ پکڑنے والی مشین پر بیان دیں گے؟ میں تو بیان دینے کیلئے تیار ہوں۔

امریکی بلاگر نے سابق وزیرداخلہ رحمن ملک کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ یہ تصویر 2010 کی ہے، اس ملاقات کے بعد مجھے دو سال کا ورک ویزہ جاری کیا گیا۔

امریکی خاتون نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی اس سے ملاقات کی تردید پر ان سے ہونے والی ملاقات کی تصویر شیئر کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی یوسف رضا گیلانی سے ملاقات ایوان صدر میں ہوئی، یہ تصویر ایوان صدر کے استقبالیہ کمرے کی ہے، امید ہے تحقیقاتی ادارے ایوان صدر میں میری آمد کے ریکارڈ کا جائزہ لیں گے۔

اسی طرح امریکی خاتون نے مخدوم شہباب الدین سے ملاقاتوں کی تصاویر بھی شیئرکی ہیں، سنتھیا رچی کے مطابق یہ دونوں تصاویر 2010 اور 2011 میں مخدوم شہاب سے ملاقاتوں کی ہیں اور ان سے  پہلی ملاقات این جی او کی سربراہ فرحانہ سواتی نےکرائی تھی۔

دوسری جانب رحمان ملک نے سنتھیا رچی کے الزامات کو سازش قرار دیتے ہوئے انہیں 50 کروڑ ہرجانے کا نوٹس بذریعہ کورئیر بھجوا دیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.