نامزد وزیراعظم کی حمایت پر فائیو اسٹار موومنٹ نے بالاخر فیصلہ سنادیا

0

روم: اطالوی پارلیمنٹ کی سب سے بڑی جماعت فائیو اسٹار موومنٹ جو نامزد وزیراعظم ماریو دراغی کی حمایت کے معاملے پر ہاں اور ناں میں پھنسی ہوئی تھی، بالاخر حتمی فیصلے پر پہنچ گئی ہے، پارٹی ارکان نے آن لائن ریفرنڈم میں حکومت میں شامل ہونے کا فیصلہ سنادیا۔

تفصیلات کے مطابق فائیو اسٹار موومنٹ میں نامزد وزیراعظم ماریو دراغی کی حمایت کے معاملے پر اختلافات پائے جاتے تھے، اور کئی رہنما اس کے مخالف تھے کہ ایک ٹیکنو کریٹ کی حمایت کی جائے، اس کے علاوہ تارکین وطن مخالف رہنما سالوینی کے ساتھ دوبارہ حکومت میں بیٹھنے پر بھی اعتراض کیا جارہا تھا، جس پر پارٹی نے اپنے ارکان سے آن لائن ریفرنڈم کرایا، جو بدھ سے جمعرات تک 24 گھنٹے جاری رہا، اس ریفرنڈم میں 59 فیصد سے زائد پارٹی ارکان نے ماریو دراغی کی حمایت میں ووٹ دئیے، جس کے بعد فائیو اسٹار موومنٹ کے حکومت میں شامل ہونے اور نامزد وزیراعظم کی حمایت کرنے کی راہ ہموار ہوگئی۔

پارٹی ارکان کی رائے سامنے آنے کے بعد فائیواسٹار موومنٹ کے اہم رہنما اور وزیرخارجہ لیگوئی ڈی مایو کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت نے جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے یورپ نواز موقف کی تائید کی ہے، تاہم سبکدوش ہونے والے وزیراعظم جوسپے کونتے کی جانب سے نئی حکومت سازی کی کوششوں پر تشویش سامنے آئی ہے، انہوں نے اگرچہ نئی حکومت کی جلد حلف برداری کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، تاہم کونتے کا کہنا تھا کہ اتنی وسیع البنیاد حکومت جس میں تقریباً تمام ہی جماعتیں شامل ہونے جارہی ہیں، اس میں پالیسی سازی میں اتحاد برقرار رکھنا مسئلہ ہوسکتا ہے، اور حکومت کیلئے مشکلات بڑھ سکتی ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.