غیرقانونی تارکین کیلئے برطانیہ میں کرونا ایمنسٹی کا اعلان

0

لندن: برطانوی حکومت نے ملک میں موجودغیر قانونی تارکین وطن کے لئے اہم سہولت کا اعلان کردیا ہے، حکومت نے ملک میں موجودغیر قانونی تارکین وطن کے لئے کرونا ویکسین کی ایمنسٹی اسکیم کا اعلان کیا ہے، اسکیم میں رجسٹرڈ ہونے والے غیرقانونی تارکین وطن کے خلاف کسی قسم کی کارروائی نہیں کی جائے گی، حکومت نے یقین دہانی کرادی۔

تفصیلات کے مطابق کرونا کے وار تلے دبی ہوئی برطانوی حکومت نے ملک میں موجود غیر قانونی تارکین وطن کے لئے اہم سہولت کا اعلان کردیا ہے، حکومت کا کہنا ہے کہ غیر قانونی تارکین وطن کسی خوف کے بغیر ویکسین لگوانے کے لئے خود کو رجسٹر کرائیں، حکومت انہیں ملک سے نہیں نکالے گی، اورنہ ہی کوئی اور کارروائی کرے گی، برطانیہ میں اب تک کرونا سے ایک لاکھ 12 ہزار سے زائد اموات ہوچکی ہیں، اور اب بھی یورپی  ممالک میں سب سے زیادہ اموات وہاں ہورہی ہیں، ایسے میں برطانوی حکومت نے ویکسین کی مہم  تیزی سے جاری رکھی ہوئی ہے، اور اب تک ایک کروڑ پندرہ لاکھ کے قریب شہریوں کو ویکسین کی پہلی خوراک لگائی جاچکی ہے، تاہم حکومت اس تشویش کا شکار تھی کہ ملک میں موجود 13 لاکھ سے زائد غیرقانونی تارکین وطن خوف کے مارے ویکسین لگوانے نہیں آئیں گے، جس سے اس کے لئے وبا پر قابو پانے میں مشکل ہوسکتی ہے،

اس مشکل سے نکلنے کے لئے برطانوی حکومت نے غیرقانونی تارکین وطن کو ویکسین لگوانے کے لئے ایمنسٹی دی ہے، برطانوی اخبار ’’ڈیلی میل‘‘ کے مطابق برطانیہ میں موجود ہر فرد اپنی قانونی حیثیت سے قطع نظر خود کو ویکسین کےلئے سینٹرز میں ڈاکٹروں کے پاس رجسٹر ڈ کراسکتا ہے، اور تمام افراد کو مفت ویکسین لگائی جائے گی۔

اس سے قبل برٹش میڈیکل ایسوسی ایشن نے بھی تشویش کا اظہار کیا تھا کہ حکومت کی طرف سے ڈیپورٹ کرنے کے خدشے کے پیش نظر غیر قانونی تارکین وطن ویکسین کے لئے رجسٹریشن نہیں کرائیں گے، جس سے مسائل پیدا ہوسکتےہیں، ایسوسی ایشن نے برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ وبا کے دوران نیشنل ہیلتھ سروس کو اس پابندی سے آزاد کردے، جس کے تحت این ایچ ایس کو ان افراد کے بارے میں حکومت کو اطلاع دینی ہوتی ہے، جن کا  قانونی اسٹیٹس واضح نہیں ہوتا، ایمنسٹی انٹرنیشنل یوکے کے اسٹیو ویلڈز سائمنڈ نے بی بی سی سے گفتگو میں کہا کہ غیر قانونی تارکین وطن اب بھی ڈرے ہوئے ہوں گے، اس لئے حکومت کو انہیں ایمنسٹی کا یقین دلانے کے لئے بہت محنت کرنی پڑے گی، دوسری طرف برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ اس ایمنسٹی کا تعلق ویکسین لگوانے تک ہے، اور ہم تارکین کے خلاف اس بنیاد پر کارروائی نہیں کریں گے، لیکن اس کی بنیاد پر انہیں دیگر حقوق نہیں ملیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.