یونان سے یورپ بائی ائیر آنے کی کوششوں میں اضافہ،کتنے پکڑے گئے ؟

0

ایتھنز: یونان سے یورپ کے خوشحال ممالک کی طرف آنے کے لئے بے چین تارکین وطن نے زمینی اور سمندری راستے میں رکاوٹوں کے بعد فضائی     طریقے سے آنے کی کوششیں تیز کردی ہیں، دوسری طرف یورپی ممالک بھی اس حوالے سے ہوشیار ہوگئے ہیں، اور انہوں نے ائرپورٹس پر سختی  کردی ہے.

تفصیلات کے مطابق اگرچہ یونان بھی یورپی یونین کا  ملک ہے، اور وہاں کرنسی بھی یورو ہی ہے، لیکن خراب معیشت اور روزگار کے مواقع بہت محدود ہونے کی وجہ سے یونان پہنچ کر بھی تارکین وطن کی پریشانی ختم نہیں ہوتی، اس لئے وہ وہاں سے آگے یورپ کے خوشحال ممالک کا رخ کرنے کی کوشش کرتے ہیں، جس کے لئے گزشتہ برسوں میں بلقان کا زمینی روٹ بہت ایکٹو رہا ہے، تاہم اب کروشیا سمیت دیگر ممالک کی طرف سے سختی کے بعد تارکین وطن ایجنٹوں کے ہاتھ چڑھ کر جعلی دستاویزات کے ذریعہ بائی ائیر بھی یورپ  جانے کی زیادہ کوششیں کررہے ہیں.

یونانی حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے گزشتہ برس 2020 میں 8 ہزار سے زائد تارکین وطن کو ائرپورٹس پر روکا ہے، ان میں سے 5 ہزار تو جعلی دستاویزات پر صرف جرمنی جانے کی کوشش کررہے تھے، حالاں کہ گزشتہ برس کرونا بحران کی وجہ سے فضائی سفر بھی بہت محدود رہا ہے، جرمن حکام کا کہنا ہے کہ وہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں، اور یونانی ائرپورٹس پر مزید عملہ تعینات کیا جارہا ہے، تاکہ جعلی کاغذات پر انسانی اسمگلنگ کو روکا جاسکے، واضح رہے کہ یونان میں پہلے ہی 84 جرمن امیگریشن افسر تعینات ہیں.

جرمن حکام کا کہنا ہے کہ زیادہ ترتارکین کسی دوسرے شخص کی شناختی دستاویز استعمال کرتے ہوئے جرمنی میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہیں، حکام کے مطابق یونان سے  مزید 2300 تارکین وطن نے جعلی دستاویزات پر فرانس، آسٹریا، اور بیلجئیم جیسے ممالک میں جانے کی کوشش کی، اور پکڑے گئے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.