ٹرمپ نے یورپ میں بڑی جنگ کا خدشہ ظاہر کردیا
واشنگٹن: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپ میں بڑی جنگ کا خدشہ ظاہر کردیا ہے، اور کہا ہے کہ یہ سب کچھ صدر بائیڈن سمیت ہمارے رہنماؤں کی بزدلی اور غلط پالیسی کی وجہ سے ہورہا ہے، ساتھ ہی انہوں نے یوکرائن پر روسی حملے کو انسانیت پر حملہ قرار دیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صدر بائیڈن کی قائدانہ صلاحیتوں پر ایک بار پھر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ پیوٹن نے یوکرائن پر حملہ افغانستان سے ہمارے انخلا کی صورت حال کو دیکھ کر کیا ہے، پیوٹن بہت ذہین اور اسمارٹ رہنما ہے، جبکہ ہمارے رہنما عقل سے عاری ہیں، ری پبلکن پارٹی کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے یوکرائن پر روسی حملے کو انسانیت پر حملہ قرار دیا، اور کہا کہ اگر وہ امریکہ کے صدر ہوتے تو ان کے کیلئے اسے روکنا آسان ہوتا، انہوں نے کہا کہ روس یوکرائن کو تباہ کررہا ہے، یورپ میں بڑی جنگ کا خدشہ ہے، یہ منظر نامہ بہت خوفناک ہیں، ہمیں یوکرائن کے لوگوں کے لئے دعا کرنی چاہئے۔
ٹرمپ نے یوکرائنی صدر کی بہادری کی بھی تعریف کی، اور کہا کہ زیلنسکی واقعی دلیر رہنما ہیں، صدر کی حیثیت سے یوکرائنی رہنما سے کئی بار بات ہوئی۔