مہاجرین کا نیا سیلاب، 2 یورپی ملکوں نے مفت ٹرینیں چلانے کا اعلان کردیا
برسلز: یورپی یونین کے رکن 2 اہم ممالک نے مہاجرین کے لئے مفت ٹرینیں چلانے کا اعلان کردیا ہے، تاکہ انہیں کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے، دوسری طرف یورپی یونین نے رکن ممالک سے کہا ہے کہ مہاجرین کا بڑا سیلاب ان کا رخ کرسکتا ہے، لہذا وہ اس کے لئے خود کو تیار کرلیں۔
تفصیلات کے مطابق یورپی یونین کے دروازے پر یوکرائن کے خلاف روسی حملے نے صورت حال تیزی سے بدل دی ہے، اور جنگ سے بچنے کے لئے لاکھوں یوکرائنی پڑوسی ممالک میں داخل ہورہے ہیں، ان میں یورپی یونین کے رکن پولینڈ اور ہنگری شامل ہیں، یورپی وزرائے داخلہ کے اجلاس کے بعد کمشنر برائے انسانی امداد Janez Lenarcic نے کہا ہے کہ 40 لاکھ سے زائد یوکرائنی مہاجرین یورپی یونین کا رخ کرسکتے ہیں، ان میں سے 4 لاکھ کے قریب پہلے ہی پولینڈ اور ہنگری میں داخل ہوچکے ہیں، زیادہ مہاجرین پولینڈ کا رخ کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم طویل عرصے بعد یورپ میں اتنا بڑا انسانی بحران دیکھ رہے ہیں۔ اس جنگ سے ایک کروڑ 80 لاکھ یوکرائنی شہری متاثر ہوسکتے ہیں،ان میں سے 70 لاکھ یوکرائن کے اندر جبکہ 40 لاکھ پڑوسی یورپی ملکوں کا رخ کرسکتے ہیں۔دوسری طرف اقوام متحدہ کے مہاجرین سے متعلق ادارے یواین ایچ سی آر نے بتایا ہے کہ اتوار تک 3 لاکھ 68 ہزار یوکرائنی شہری پڑوسی ملکوں میں داخل ہوچکے ہیں،ان میں سے ایک لاکھ 56 ہزارپولینڈ میں داخل ہوئے ہیں،مہاجرین پیدل،گاڑیوں میں اور ٹرینوں میں پولینڈ پہنچ رہے ہیں۔
مفت ٹرینوں کا اعلان
دوسری طرف جرمنی اور آسٹریا نے پولینڈ پہنچنے والے یوکرائنی مہاجرین کے لئے مفت ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا ہے، جو ان مہاجرین کو پولینڈ سےجرمنی اورآسٹریا پہنچائیں گی،جرمنی کی سرکاری ریل کمپنی ڈوئچے بان کا کہنا ہے کہ وہ پولینڈ سے جرمنی کیلئے6 ٹرینیں چلارہی ہے، اور ان میں اضافے کی تیاری کررہی ہے، ان ٹرینوں میں یوکرائنی مہاجرین مفت جرمنی آسکیں گے، آسٹریا نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ یوکرائنی مہاجرین کیلئےمفت ٹرینیں چلائےگا،آسٹریا کی وزیرٹرانسپورٹ Leonore Gewesslerنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ جنگ سے بچنے کیلئے آنے والے یوکرائنی مہاجرین ٹرینوں میں بغیر ٹکٹ سفر کرسکیں گے۔