امریکہ میں تمغہ بہادری پانے والے پاکستانی نژاد دن دیہاڑے قتل

0

واشنگٹن: امریکہ میں ایک پاکستانی نژاد امریکی شہری کو قتل کردیا گیا، دن دیہاڑے سڑک پر گولیاں ماری گئیں، پولیس نے لاش تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کردی، جبکہ ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے، عبدالرؤف کو 2 سال قبل مقامی غنڈوں کے چنگل سے خاتون پولیس افسر کو بچانے پر تمغہ بہادری سے نوازا گیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں پاکستانی نژاد امریکی شہری عبدالرؤف کو ڈاکوؤں نے لوٹ مار میں مزاحمت کے دوران قتل کردیا ہے۔ vosa ٹی وی کے مطابق عبدالروف پہلے نیویارک رہتے تھے، لیکن کچھ عرصہ قبل وہ واشنگٹن منتقل ہوگئے، جہاں پہلے انہوں نے ریستوران کا کام شروع کیا، لیکن آج کل وہ ٹیکسی چلارہے تھے، مقتول عبدالروف کے بھتیجے آغا علی نے بتایا کہ ڈاکووں نے تین گولیاں چلائیں، اور ان کے چچا موقع پر ہی دم توڑ گئے تھے۔ انہوں نے بیوہ اور ایک بیٹی کو سوگوار چھوڑا ہے، عبدالروف کی میت پوسٹ مارٹم کے لئے اسپتال منتقل کردی گئی ہے، اور ضابطے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ان کے جنازہ کا اعلان کیا جائے گا۔ پاکستانی کمیونٹی نے عبدالرؤف کے انتقال پر تعزیت کی ہے۔

راہزنی کے دوران مزاحمت پر قتل ہونے والے پاکستانی نژاد عبدالرؤف نے 2 سال قبل مقامی غنڈوں کے چنگل سے ایک خاتون پولیس افسر کو اُس وقت بچایا تھا جب غنڈے خاتون افسر کو لوہے کی سلاخوں سے مار رہے تھے۔ اس بہادری پر الیگزینڈریہ پولیس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے پاکستانی نژاد عبدلارؤف کو تمغہ بہادری بھی دیا گیا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.