کتنے تارکین یورپ کیلئے نکل چکے ہیں؟، تعداد نے حکام کی نیندیں اڑا دیں
لندن: انگلش چینل کے ذریعہ غیر قانونی تارکین وطن کی مسلسل آمد سے پریشان برطانوی حکومت کی نئی رپورٹ نے نیندیں اڑا دی ہیں، جس میں بتایا گیا ہے کہ لاکھوں تارکین یورپ کی طرف رواں دواں ہیں، وزیر داخلہ پریتی پٹیل نے اس معاملے پر دوست ملکوں سے مشاورت بھی کی ہے، جبکہ برطانیہ میں داخلہ روکنے کیلئے مزید سخت اقدامات کی بھی تیاری کی جارہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی اخبار نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ گزشتہ برس اگست سے لے کر اب تک 5 لاکھ سے زائد افغان تارکین وطن اپنے ملک سے یورپ کیلئے نکل چکے ہیں، اور ان کی اکثریت ممکنہ طور پر راستے میں آنے والے مختلف ممالک میں ہوسکی ہے، ان تارکین وطن میں سے بڑی تعداد کی آخری منزل برطانیہ ہوسکتی ہے، جہاں وہ انگلش چینل پار کرکے پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں، یہ خفیہ رپورٹ ملنے کےبعد وزیرداخلہ پریتی پٹیل نے 4 اتحادی ممالک امریکہ ، کینیڈا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ کے حکام سے مشاورت کی ہے، تا کہ ان تارکین وطن پر نظر رکھی جاسکے،کہ وہ کہاں اور کن روٹس سے آنے کی کوشش کررہے ہیں، اس کے ساتھ وہ انگلش چینل سے آنے والے غیر قانونی تارکین وطن کو روکنے کے لئے بھی مزید اقدامات پر غور کررہی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق برطانوی حکام کو اس بات پر بھی تشویش ہے کہ بیلاروس افغان تارکین وطن کو اپنے مقاصد کے لئے استعمال کرسکتا ہے، اور انہیں یورپ داخلے کیلئے مدد کرسکتا ہے، اس کے ساتھ یورپی شینگین فری زون میں داخل ہونے کےبعد ان افغان تارکین کے لئے فرانس کے علاقے کیلس تک پہنچنے میں کوئی رکاوٹ نہیں رہ جاتی ، جہاں سے یہ انگلش چینل پار کرنے کی کوشش کرتے ہیں، یہ بات بھی برطانوی حکام کو پریشان کررہی ہے، برطانیہ میں پہلے 12 ہزار افغان پہنچ چکے ہیں، جنہیں عارضی طور پر ہوٹلوںمیں ٹھہرایا گیا ہے، اور ان کے لئے مستقل رہائش کی تلاش جاری ہے۔