روم: وطن عزیز سے ہزاروں میل دور روزی کمانے کے لئے اٹلی آنے والے پاکستانی گھر میں ہی آپس میں ہی لڑپڑے، اور اپنا نقصان کرلیا، بحث مباحثہ سے شروع ہونے والی لڑائی کا برا انجام ہوا، کچھ تھانے پہنچ گئے، اور کچھ کو اسپتال جانا پڑا، واقعہ بلونیا میں پیش آیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اٹلی کے علاقے بلونیا جہاں پاکستانیوں کی بڑی تعداد آباد ہے کے نواحی علاقے via del Tuscolano میں تین پاکستانی ایک ڈیرے پر ساتھ رہتے تھے، اور آپس میں ہانڈی وال بھی تھے، گزشتہ روز ناشتے کے دوران گھر میں کسی بات پر ان میں بحث ہوگئی، جو بڑھتی بڑھتی پہلے تلخی اور پھر لڑائی تک جاپہنچی، اس دوران ایک پاکستانی نے جس کی عمر اطالوی پولیس نے 35 برس بتائی ہے، چھری سے اپنے دونوں ساتھیوں پر حملہ کردیا، حملے کے نتیجے میں دونوں پاکستانی زخمی ہوگئے۔ زخمی کرنے کے بعد بھی ان کا مشتعل پاکستانی ساتھی ان پر حملے کی کوشش جاری رکھے ہوئے تھا، جس پر دونوں زخمی پاکستانی جان بچانے کے لئے بھاگتے ہوئے گھر سے باہر نکل آئے، سڑک پر زخمی حالت میں دیکھ لوگوں نے پولیس کو اطلاع دی.
پولیس پہنچنے پر دونوں زخمی پاکستانیوں نے بتایا کہ حملہ آور ابھی تک گھر کے اندر ہے، اور وہ چھری سے مسلح بھی ہے، جس پر کارا بیری پولیس کے اہلکاروں نے بلٹ پروف جیکٹ پہنچ کر گھر میں چھاپہ مارا اور اسے گرفتار کرلیا۔ گرفتاری کے وقت بھی ملزم کے پاس چھری موجود تھی، اطالوی خبر ایجنسی کے مطابق زخمی پاکستانیوں کو گردن اور چہرہ پر چھری کے زخم آئے ہیں، دونوں زخمیوں کی عمر 35 اور 37 برس ہے، ان کے زخم سنجیدہ نوعیت کے ہیں، گرفتار پاکستانی پر جان لینے کی کوشش، شدید زخمی کرنے سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمہ قائم کیا گیا ہے۔