روم: اٹلی کی جیلوں میں غیرملکی قیدیوں کی تعداد بڑھتی جاری ہے، جس سے اطالوی حکومت کا خرچہ بھی بڑھ رہا ہے، ایسے میں دائیں بازو کی اطالوی جماعت نے ایف ڈی آئی نے ان غیرملکی قیدیوں کو ان کے ملکوں میں واپس بھیجنے کا مطالبہ کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اٹلی کی جیلوں میں غیرملکی قیدیوں کی تعداد میں بڑا ضافہ ہوچکا ہے، اور دائیں بازو کی جماعت ایف ڈی آئی کے مطابق جیلوں میں موجود قیدیوں میں سے 30 فیصد غیرملکی ہیں، ان قیدیوں کی وجہ سے جیلوں میں گنجائش کے مسائل بھی پیدا ہورہے ہیں، ایف ڈی آئی کے رکن پارلیمان Francesco Lollobrigida نے اسمبلی میں یہ معاملہ اٹھاتے ہوئے بتایا تھا کہ ملک کی جیلوں میں قید 50 ہزار قیدوں میں سے 20 ہزار غیرملکی ہیں، اور ہر قیدی پر یومیہ 130 یورو خرچہ آرہا ہے۔
انہوں نے حکومت سےمطالبہ کیا کہ ان غیرملکی مجرموں کو اپنی جیلوں میں رکھنے کے بجائے سزا پوری کرنے کے لئے ان کے آبائی ممالک کے حوالے کیا جائے، انہوں نے کہا کہ ہماری سرزمین پر جرائم کرنے والوں کو یہاں مزید رہنے کا حق نہیں دینا چاہئے، جیلوں میں پہلے ہی گنجائش سے زیادہ قیدیوں کا مسئلہ درپیش ہے، ہم کیوں ان غیرملکی قیدیوں پر اخراجات بھی کرتے ہیں، انہیں واپس ان کےملکوں میں بھیجا جائے ، جہاں وہ سزا پوری کریں۔