ترکی نے اپنا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا، نیا نام کیا ہوگا؟

0

استنبول: اہم اسلامی ملک ترکی نے اپنا سرکاری نام تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، صدر طیب اردوان کی طرف سے ہدایات ملنے پر نئے نام کے حوالے سے مہم شروع کردی گئی ہے، اور جلد ہی سرکاری اور عالمی اداروں میں بھی نیا نام بھیج دیا جائے گا، جس کے لئے تیاری کرلی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ترک صدر طیب اردوان نے اپنے ملک کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، اور اس حوالے سے صدر کے آفس نے سوشل میڈیا پر مہم شروع کردی ہے، اس حوالے سے ترک صدر نے ابتدائی اعلان دسمبر میں کیا تھا، جب انہوں نے کہا تھا کہ اس وقت زیر استعمال ملک کا نام ترکی Turkey ہماری تہذیب، تاریخ اور ثقافت کی درست نمائندگی نہیں کرتا، انہوں نے ملک کا نام تبدیل کرکے Türkiye (ترکیا) کرنے کا فیصلہ کیا تھا، جس پر اب اس پر عمل شروع ہونے جارہا ہے، ترک صدر کے ترجمان فرحان آلتن کا کہنا ہے کہ ترکی کا نیا نام Türkiye عالمی سطح پر ملکی شناخت کو مضبوط بنائے گا، انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے لوگوں کو آگاہ کرنے کے لئے مہم شروع کردی گئی ہے، جس کے لئے سوشل میڈیا پر ہیش ٹیگ # SayTürkiye کے نام سے چلائی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترک کمپنیوں کو ملک کا نیا نام استعمال کرنے کی ترغیب دی جارہی ہے، تاکہ ہماری مصنوعات نئے نام سے دنیا میں جائیں، بہت جلد پاسپورٹ سمیت سرکاری دستاویزات ، ویب سائٹس، اور دیگر اداروں میں بھی نئے نام کا استعمال شروع کردیا جائےگا، ترکی کے سرکاری نشریاتی ادارے نے پہلے ہی Türkiye کا لفظ استعمال کرنا شروع کردیا ہے، ترک میڈیا کے مطابق جلد ہی اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں میں بھی ترکی کے نئے نام کا استعمال شروع کردیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.