یورپ سے کاریں لے جانے والے جہاز میں آگ لگ گئی، اربوں ڈالر کی گاڑیاں خاک
برسلز: یورپ سے کاروں کا خزانہ امریکہ لے جانے والے بحری جہاز میں خوفناک آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں انتہائی قیمتی گاڑیاں جل گئیں، جہاز کے عملے کو ہیلی کاپٹروں سے نکال لیا ہے، جس کے بعد جہاز لہروں کے ساتھ خود ہی بہتا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جرمن کار ساز کمپنی واکس ویگن کی تقریباً4 ہزار قیمتی کاریں امریکہ لے جانے والے بحری جہاز میں بحیرہ اوقیانوس میں پرتگال کے قریب آگ لگی گئی ، جہاز پر پورشے، آڈی اور بینٹلی جیسی انتہائی قیمتی گاڑیاں لد ی ہوئی ہیں، تاہم آگ لگنے کے بعد جہاز کو بحر اوقیانوس میں جلتا چھوڑ دیا گیا ہے، اور22 رکنی عملے کو پہلے وہاں قریب موجود ایک آئل ٹینکر نے کشتیوں کے ذریعہ ریسکیو کیا اور پھر انہیں پرتگال کی بحریہ نے ہیلی کاپٹروں کے ذریعہ وہاں سے نکال لیا ہے۔ پانامہ کے پرچم بردار جہاز کا نام فیلیسیٹی ایس ہے، جو 200 میٹر لمبا ہے اور اس پر 4 ہزار کاریں لے جانے کی گنجائش ہے، واکس ویگن گروپ نے مختصر بیان میں کہا ہے کہ جہاز ان کی گاڑیاں لے کر امریکہ کے لئے روانہ ہوا تھا، تاہم ترجمان نے آگ لگنے کے کمپنی اور امریکی صارفین پر اثرات کے بارے میں کچھ نہیں کہا۔
حکام کے مطابق جہاز پر لدی گاڑیوں میں 1100 پورشے اور 200 بینٹلی لگژری گاڑیاں شامل ہیں، پرتگال کی بحریہ کا کہنا ہے کہ جہاز پر مسلسل آگ لگی ہوئی ہے، اور اس سے دھوئیں کے بادل اٹھ رہے ہیں، عملے کو نکالنے کے بعد اس کی نگرانی کی جارہی ہے کہ وہ کس طرف بڑھ رہا ہے، اور آیا کہ اگر وہ ڈوب جاتا ہے، تو اس سے سمندری ماحول پر کیا اثرات مرتب ہوں گے، جہاز کی مالک کمپنی نے اسے کنارے پر لانے کیلئے ٹگ کا انتظام کیا ہے، تاہم پرتگالی بحریہ کا کہنا ہے کہ جہاز کا سائز بڑا ہونے کی وجہ سے اسے قریب ترین Azores جزیرے کی بندرگاہ پر لانا ممکن نہیں لگتا۔